QR CodeQR Code

مغربی ایشیاء میں انسانی قتل عام کی صیہونی مشین بند کیجائے، سید عباس عراقچی

3 Oct 2024 13:58

اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی کونسل کے 57ویں اجلاس میں اپنی ایک تقریر میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسلسل خاموشی و لاپرواہی بے گناہوں فلسطینیوں اور لبنانیوں کے قتل عام کا سبب بن رہی ہے۔ دنیا ان جرائم پر خاموش نہیں رہ سکتی۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" نے کہا کہ صیہونی رژیم کے جرائم بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزی کا وحشت ناک نمونہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگی جرائم، انسانیت سوز اقدامات، قومی شناخت کا خاتمہ اور فلسطینی عوام کی نسل کشی ان جرائم میں سے ہے۔ سید عباس عراقچی نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی کونسل کے 57ویں اجلاس کے دوران اپنے خطاب سے کیا۔ یہ اجلاس "فلسطین اور دیگر مقبوضہ عرب علاقوں میں انسانی حقوق کی صورت حال" کے عنوان سے منعقد ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلسل خاموشی و لاپرواہی بے گناہوں فلسطینیوں اور لبنانیوں کے قتل عام کا سبب بن رہی ہے۔ دنیا ان جرائم پر خاموش نہیں رہ سکتی۔ اس مجرمانہ نسل کشی و قتل غارت گری کو روکنے کے لئے نہ فقط فوری و فیصلہ کن اقدام کی ضرورت ہے بلکہ ہماری اخلاقی ذمے داری بھی ہے۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران انسانی حقوق کی کونسل اور ہائی کمیشن سے توقع رکھتا ہے کہ وہ ان مجرمانہ افعال کی مذمت کرے گا۔ نیز انسانی حقوق کے دائرہ کار کے مطابق اسرائیل کی مجرمانہ سرگرمیوں کی تحقیقات اور ٹرائل کے لئے ایک سنجیدہ قدم اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ ان سنگین انسانی جرائم کے مرتکب عناصر اور ان کے حامیوں کا بین الاقوامی عدالت میں ٹرائل کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ، رفح، لبنان اور سارے مغربی ایشاء میں انسانی قتل عام کی اس صیہونی مشین کو بند کروانا چاہئے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اب ان مذکورہ بالا اقدامات پر عمل کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ دوسری جانب ایرانی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے غزہ پر صیہونی حملوں میں تقرییاََ 42 ہزار فلسطینی شہید جب کہ 95921 افراد زخمی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1164030

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1164030/مغربی-ایشیاء-میں-انسانی-قتل-عام-کی-صیہونی-مشین-بند-کیجائے-سید-عباس-عراقچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com