QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کی حکومت کے غلط فیصلوں کے نتائج سے جان چھڑانے میں وقت لگے گا، وزیراعلیٰ سندھ

2 Oct 2024 17:23

کراچی میں پریس کلب کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں معیشت سے کھیل کھیلا گیا، اس ملک کو سنبھالنے میں دو سال لگے ہیں، ملک ابھی مسائل سے نکلا نہیں، نکل رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں معیشت سے کھیل کھیلا گیا، ملک کو سنبھالنے میں دو سال لگے ہیں، ملک ابھی مسائل سے نکلا نہیں، نکل رہا ہے، پی ٹی آئی کے غلط فیصلوں کے نتائج سے جان چھڑانے میں وقت لگے گا۔ کراچی میں پریس کلب کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پریس کلب کے ممبران کے مسائل کے حل کے لیے وعدہ کیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اب بھی پریس کلب کو ریاست کے چوتھے ستون کی نظر سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور پریس کلبز پر حقائق بتانے کی بھاری ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے، پہلے صحافت کا معیار بلند ہوتا تھا اب ہر موبائل فون والا صحافی ہے، صحافت کے غلط استعمال سے بہت نقصان ہوتے ہیں، اس وقت سب سے زیادہ نقصان صحافت کا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں معیشت سے کھیل کھیلا گیا، اس ملک کو سنبھالنے میں دو سال لگے ہیں، ملک ابھی مسائل سے نکلا نہیں، نکل رہا ہے، پی ٹی آئی کے غلط فیصلوں کے نتائج سے جان چھڑانے میں وقت لگے گا، آج کل جوڈیشل ریفارمز کی بات چل رہی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آج سے ایک سال قبل اپنے منشور میں آئینی عدالت کے قیام کے حوالے سے لکھا تھا اور آج کل کہا جارہا ہے کہ یہ ایک خاص مقصد کے تحت کیا جارہا ہے لیکن اس وقت تو کوئی ایسی بات نہیں تھی۔ ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ آئین میں لکھا ہوا ہے اور آئین کوئی تبدیل کرنا چاہے تو کرلے۔


خبر کا کوڈ: 1163912

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1163912/پی-ٹی-آئی-کی-حکومت-کے-غلط-فیصلوں-نتائج-سے-جان-چھڑانے-میں-وقت-لگے-گا-وزیراعلی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com