QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کراچی جلسہ، عدالت کا ڈپٹی کمشنرز کو 7اکتوبر تک فیصلہ کرنیکا حکم

2 Oct 2024 16:02




اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے باغ جناح میں پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہ ملنے سے متعلق ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ایس ایس پی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ کو 7 اکتوبر تک پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس یوسف علی سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو باغ جناح میں پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہ ملنے سے متعلق ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ایس ایس پی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار کیا کہ کیا مسئلہ ہے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی، معاملے کو کیوں لٹکایا جا رہا ہے؟ ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے بتایا کہ سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار کیا کہ کون سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دے رہا؟ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق جلسے کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پچھلی بار بھی کہا تھا کہ اینٹلی جنس رپورٹس اور منٹس آف میٹنگ پیش کی جائیں۔ ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ اینٹلی جنس اور ضلعی انتظامیہ کی میٹنگ میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا، سیکیورٹی خدشات ہیں جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ درخواست گزار کو متبادل جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ سرکاری وکیل نے مؤقف دیا کہ پی ٹی آئی انتشار پھیلانا چاہتی ہے، اس لئے جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح بات نہ کریں، اگر بات کی تو مزید پنڈورا باکس کھلے گا، جلسے کی اجازت دیں، اگر کوئی قانون کو ہاتھ میں لیتا ہے تو قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی کا اختیار رکھتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کراچی میں پی ٹی آئی کو کہیں بھی جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں ہیں منٹس آف میٹنگ؟ جس میں سیکیورٹی خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے؟ بیرسٹر علی طاہر نے مؤقف دیا کہ پی ٹی آئی کراچی میں 13 اکتوبر کو جلسہ کرنا چاہتی ہے، متعلقہ حکام کو پی ٹی آئی کی جلسے سے متعلق نئی درخواست پر نظر ثانی کی ہدایت دی جائے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ کو 7 اکتوبر تک پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیتے طلب بھی کر لیا۔


خبر کا کوڈ: 1163896

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1163896/پی-ٹی-ا-ئی-کراچی-جلسہ-عدالت-کا-ڈپٹی-کمشنرز-کو-7اکتوبر-تک-فیصلہ-کرنیکا-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com