لبنان پر اسرائیل نے زمینی حملہ شروع کردیا، اسرائیلی میڈیا کا دعوی
1 Oct 2024 00:31
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اسپیشل فورسز نے لبنانی سرزمین پر چھاپے مارے، یہ چھاپے ممکنہ زمینی حملے کی تیاری کے سلسلے میں مارے گئے۔ امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا کا خیال ہے اسرائیل جنوبی لبنان میں محدود زمینی دراندازی شروع کرسکتا ہے، اسرائیلی کارروائی پہلے سے طے شدہ منصوبے کی نسبت محدود ہوگی۔
اسلام ٹائمز۔ لبنان پر اسرائیل نے زمینی حملہ شروع کر دیا، جنوبی لبنان پر اسرائیلی ٹینک اور آرٹیلری کے حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کابینہ کی منظوری کے بعد زمینی پیش قدمی شروع کر دے گی۔ اسرائیلی عہدیداران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے دیہاتوں میں محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کرے گی۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد کے قریب بستیوں کو فوجی چھاؤنیاں قرار دے دیا ہے، اسرائیلی سرحد کے ساتھ لبنانی آرمی نے اپنے اڈے چھوڑ دیئے، جبکہ ایئر فرانس نے بیروت اور تل ابیب کے لیے 8 اکتوبر تک پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اسپیشل فورسز نے لبنانی سرزمین پر چھاپے مارے، یہ چھاپے ممکنہ زمینی حملے کی تیاری کے سلسلے میں مارے گئے۔ امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا کا خیال ہے اسرائیل جنوبی لبنان میں محدود زمینی دراندازی شروع کرسکتا ہے، اسرائیلی کارروائی پہلے سے طے شدہ منصوبے کی نسبت محدود ہوگی۔ دوسری جانب لبنانی حکام کے مطابق بیروت کے جنوب میں عین الدلب میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد شہید ہوگئے ہیں، پچھلے 24 گھنٹوں میں لبنان میں ہونے والی شہادتوں کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے۔ شہید ہونے والوں میں فلسطینی لبریشن فرنٹ کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔
حزب اللّٰہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے سید حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ حزب اللّٰہ اسرائیلی زمینی حملے کے لیے تیار ہے اور تنظیم کا نیا سربراہ اندرونی طریقہ کار کے مطابق منتخب کیا جائے گا۔ ادھر غزہ پر اسرائیلی حملے بھی جاری ہیں، جن میں گذشتہ روز کم از کم 28 افراد شہید ہوگئے۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 41,615 افراد شہید اور 96,359 زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیل میں 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں میں 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد یرغمال بنائے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ: 1163556