QR CodeQR Code

متنازعہ بھارتی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا اکتوبر کے پہلے ہفتے پاکستان آنے کا اعلان

25 Sep 2024 22:37

ویڈیو پیغام میں معروف متنازعہ بھارتی مبلغ نے بتایا کہ انہیں تین شہروں کے علاوہ بھی دیگر شہروں سے تقاریب میں شرکت کی دعوتیں موصول ہو رہی ہیں لیکن ان کے لیے 15 روزہ دورے کے دوران کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے علاوہ دوسرے شہروں میں جانا ممکن نہیں ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ معروف متنازعہ بھارتی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے آئندہ ماہ اکتوبر کے آغاز میں پاکستانی دورہ کرنے کی تصدیق کردی۔ ذاکر نائیک نے چند دن قبل نادر علی کے پوڈکاسٹ میں عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے اور اب انہوں نے پاکستانی دورے کا اعلان کردیا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ویڈیو پیغام اور فیس بک پوسٹرز میں اپنے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا دورہ 15 دن پر محیط ہوگا۔ معروف بھارتی مبلغ کے مطابق وہ حکومت پاکستان کی دعوت پر پہلی بار بطور اسکالر اسلامی ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ 1990ء کی دہائی میں پاکستان آچکے ہیں لیکن اس وقت وہ مبلغ نہیں تھے، اب وہ بطور اسکالر و مبلغ پاکستانی دورہ کریں گے۔ ان کے مطابق ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے بھی ہوں گے جو ان کے ساتھ پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں خطاب بھی کریں گے۔

ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی دورے کا آغاز صوبائی دارالحکومت کراچی سے کریں گے اور وہ وہاں 5 اور 6 اکتوبر کو دونوں تقاریب سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں وہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 12 اور 13 اکتوبر کو تقاریب سے خطاب کریں گے، جس کے بعد اختتام پر وہ دارالحکومت اسلام آباد میں 19 اور 20 اکتوبر کو خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں تینوں شہروں کے علاوہ بھی دیگر شہروں سے تقاریب میں شرکت کی دعوتیں موصول ہو رہی ہیں لیکن ان کے لیے 15 روزہ دورے کے دوران کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے علاوہ دوسرے شہروں میں جانا ممکن نہیں ہوگا۔ ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ وہ اردو اور انگریزی میں تقریریں کریں گے جب کہ ان کے بیٹے بھی دونوں زبانوں میں تقاریر کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1162445

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1162445/متنازعہ-بھارتی-مبلغ-ڈاکٹر-ذاکر-نائیک-کا-اکتوبر-کے-پہلے-ہفتے-پاکستان-آنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com