QR CodeQR Code

غیر ملکی سفارت کار بھارتی حکومت کے جھانسے میں نہ آئیں، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

25 Sep 2024 12:04

ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کا یہ اقدام عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔


اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے غیر ملکی سفارت کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے میں حالات معمول پر آنے کے بھارتی حکومت کے جھانسے میں نہ آئیں۔ ذرائع کے مطابق یہ بیان آج ڈھونگ انتخابات کے دوسرے مرحلے پر بھارت کی طرف سے غیر ملکی سفارت کاروں کو دعوت دینے کے بعد سامنے آیا ہے جس کا مقصد انتخابی ڈرامے کے ذریعے اپنے ناجائز قبضے کو جائز قرار دلوانا ہے۔ ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کا یہ اقدام عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے قابض حکومت پر زور دیا کہ وہ من پسند دوروں کے بجائے آزاد مبصرین کو صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت دے۔ ترجمان نے کہا کہ انتخابات کا مقصد کشمیریوں کی توجہ تحریک آزادی سے ہٹانا ہے اور بھارت کی تاریخ ہے کہ وہ اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہا ہے۔ انہوں نے سفارت کاروں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ان کے ممالک کا کردار یاد دلایا جن میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ضمانت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کی کلید ہے۔ ارشد اقبال نے انتخابی ڈرامے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد اصلاحات اور من پسند حلقہ بندیوں کے ذریعے اس عمل سے پہلے ہی مسلمانوں کے اختیارات کو چھین لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے جو ایک جمہوریت ہونے کا دم بھرتی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ کرنے والے وفد کو چاہیے کہ وہ صورتحال کا غیرجانبدارانہ جائزہ لے اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعے کی سنگینی کو کم کرنے سے گریز کرے۔


خبر کا کوڈ: 1162289

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1162289/غیر-ملکی-سفارت-کار-بھارتی-حکومت-کے-جھانسے-میں-نہ-آئیں-ڈیموکریٹک-فریڈم-پارٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com