QR CodeQR Code

کل جماعتی حریت کانفرنس کی اقوام متحدہ سے تنازعہ کشمیر حل کرانے کے لئے مداخلت کی اپیل

25 Sep 2024 09:27

ترجمان حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی منظور شدہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرائے۔


اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کے بحران کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں اس مسئلے پر فوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی منظور شدہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرائے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور کشمیریوں کی شناخت مٹانے کی بھارت کی کوششوں کی مذمت کی۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ عالمی ادارے کی جانب سے مزید بے عملی مودی حکومت کی بربریت کو مزید ہوا دے گی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری قتل و غارت میں اضافے کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کا انحصار مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر ہے۔ انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ مودی اور بھارتی فوجیوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ بنائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی جارحیت سے بچائے۔ دریں اثناء غیر ملکی سفارت کاروں کے مجوزہ دورے کے خلاف مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت دنیا کو گمراہ کرنے کے لئے اس دورے کا اہتمام کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1162247

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1162247/کل-جماعتی-حریت-کانفرنس-کی-اقوام-متحدہ-سے-تنازعہ-کشمیر-حل-کرانے-کے-لئے-مداخلت-اپیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com