QR Code
ہم اپنے ملک کے اندر اتحاد و یکجہتی کی کوشش کر رہے ہیں
اسلامی جمہوریہ ایران وہ نہیں جو ذرائع ابلاغ دکھاتے ہیں، ڈاکٹر مسعود پزشکیان
دنیا میں جنگ اور خونریزی کی جگہ صلح و سلامتی کو لینا چاہئے
24 Sep 2024 23:43
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کا نیویارک میں امریکی ذرائع ابلاغ عامہ کے سربراہوں سے ملاقات میں کہنا تھا کہ بین الاقوامی روابط میں ہماری ترجیح ہمارے پڑوسی ہیں۔ ہمارا نظریہ ہے کہ ہمیں اپنی حدود، سرحدوں اور سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ایک دوسرے سے افہام و تفہیم سے کام لینا چاہیے اور ایسے اقدام سے پرہیز کرنا چاہیے جو ہم میں سے کسی کی بھی اندرونی سلامتی کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔ انھوں نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ روابط رکھیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دنیا میں جںگ کی جگہ صلح کو لینا چاہیے کہا کہ ایران وہ نہیں جو ذرائع ابلاغ دکھاتے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے نیویارک کے وقت کے مطابق صبح 8.30 بجے امریکی ذرائع ابلاغ عامہ کے سربراہوں سے ملاقات میں کہا کہ ملک، علاقے اور دنیا کے بارے میں ہمارا نقطہ نگاہ واضح اور شفاف ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب ميں صدارتی انتخابات کا امیدوار بنا تو وحدت اور یکجہتی میرا سلوگن تھا کیونکہ پہلے ملک کے اندر جو اختلافات ہیں انہیں دور کرنا ضروری ہوتا ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران سبھی ایرانیوں کا ہے، کہا کہ وہ کسی ایک دھڑے اور دستے سے وابستہ نہیں ہیں اسی لئے عوام نے ان کا استقبال کیا اور انہيں ووٹ دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس کے باوجود کہ وہ کسی دھڑے سے وابستہ نہیں تھے، عوام نے اپنے ووٹوں سے انہیں اس جگہ تک پہنچایا۔
ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ بین الاقوامی روابط میں ہماری ترجیح ہمارے پڑوسی ہیں۔ ہمارا نظریہ ہے کہ ہمیں اپنی حدود، سرحدوں اور سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ایک دوسرے سے افہام و تفہیم سے کام لینا چاہیے اور ایسے اقدام سے پرہیز کرنا چاہیے جو ہم میں سے کسی کی بھی اندرونی سلامتی کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔ انھوں نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ روابط رکھیں گے۔ دنیا کے ساتھ صحت مند، اور برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھتے ہیں، اور ہمارا نظریہ ہے کہ دنیا میں جنگ اور خونریزی کی جگہ صلح و سلامتی کو لینا چاہئے اور انسان انسان کو نہ ماریں۔ ڈاکٹر پزشکیان نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ہم اپنے ملک کے اندر اتحاد و یکجہتی کی کوشش کر رہے ہیں کہا کہ ہم کسی بھی دھڑے بندی یا جماعتی، جنسی اور قومیتی وابستگی کو خاطر میں لائے بغیر یہ کام کریں گے۔
صدر ایران نے کہا کہ دنیا کے سلسلے میں بھی بالخصوص ان ملکوں کے تعلق سے بھی جنہوں نے ہماری شبیہ خراب کی ہے، ہم اسی پروگرام پر عمل کریں گے۔ انھوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایران کئی ہزار سالہ تمدن کا مالک ہے کہا کہ دنیا کے ذرائع ابلاغ ایران کی جو تصویر پیش کرتے ہیں، ہم وہ نہیں ہیں، اور پوری دنیا کے ساتھ امن و سلامتی کے ساتھ رہنے کے لئے تیار ہیں اور ہم بدامنی نہیں چاہتے۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ میں یہاں اس لئے آیا ہوں کہ دنیا کے کانوں تک اپنا پیغام پہنچا سکوں۔ یہ ہمارا قلبی یقین ہے اور ہم اس کوشش میں ہیں کہ جہاں تک ممکن ہو اندرونی اور بیرونی ہم آہنگی سے کام لیں۔
خبر کا کوڈ: 1162196
اسلام ٹائمز
https://www.islamtimes.com