QR CodeQR Code

لاپتہ افراد کیس، آئندہ سماعت پر وزارتِ داخلہ و دفاع سے جواب طلب

24 Sep 2024 17:43

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جن شہریوں کی جبری گمشدگی کا تعین ہو چکا، ان کے اہلِ خانہ کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے طویل عرصے سے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس کی آئندہ سماعت پر وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع سے بھی جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جن شہریوں کی جبری گمشدگی کا تعین ہو چکا، ان کے اہلِ خانہ کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔ کھوکھرا پار سے طویل عرصے سے لاپتہ شہری جاوید کے اہلِ خانہ عدالت میں پیش ہوئے۔ شہری کی والدہ نے عدالت میں آہ و بکا کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کے بچوں کا مستقبل خراب کر دیا گیا ہے، مجھے میرا بیٹا چاہیے۔ اس پر سندھ ہائیکورٹ نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ شہری کی بازیابی کیلئے اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے؟

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہری کے بچوں کی اسکول فیس معاف کروا دی ہے۔ عدالت نے شہری کی بازیابی سے متعلق پولیس، رینجرز اور دیگر سے جواب طلب کرتے ہوئے جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ عدالت نے وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع سے بھی آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔ بعد ازاں عدالت نے شہریوں کی بازیابی کیلئے مؤثر اقدامات کا حکم دیتے ہوئے سماعت 4 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 1162096

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1162096/لاپتہ-افراد-کیس-ا-ئندہ-سماعت-پر-وزارت-داخلہ-دفاع-سے-جواب-طلب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com