QR CodeQR Code

جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں میلاد صادقینؑ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

24 Sep 2024 15:49

تقریب میں سربراہ امور دینیہ حرم مطہر حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ شیخ احمد الصافی اور ان کے اراکین وفد نے خصوصی شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں میلاد صادقینؑ کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کربلائے معلی کے اعلیٰ سطحی وفد نے شرکت کی۔ جامعۃ الکوثر میں مرقد مرحوم شیخ محسن نجفی کے پہلو میں جشن میلاد صادقینؑ کی پروقار و یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سربراہ امور دینیہ حرم مطہر حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ شیخ احمد الصافی اور ان کے اراکین وفد نے خصوصی شرکت کی۔تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی اس تقریب کو نعت خواں منور علی نوری نے نعت رسول اکرم  سے مرصع کیا جبکہ جامعۃ الکوثر کے گروہ تواشیح کی جانب سے تواشیح پیش کی گئی، ایسے میں طلبا کے درمیان تقریری مقابلے کے فائنل راونڈ کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ وکیل مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی نے جامعۃ الکوثر کے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر نو وارد طلاب کو مرقد شیخ محسن نجفی کے روبرو تجدید عہد کرنے اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کی تلقین کی۔

انہوں نے سربراہ امور دینیہ حرم مطہر حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ شیخ احمد الصافی اور ان کی معیت میں آنے والی شخصیات کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ جشن میلاد صادقینؑ سے مہمان گرامی از کربلائے معلی احمد العاملی نے خطاب کیا جبکہ اس تقریب کے مہمان خصوصی سربراہ امور دینیہ حرم مطہر حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ شیخ احمد الصافی نے اپنے خصوصی خطاب میں محسن ملت شیخ محسن نجفی مرحوم کی محنتوں کی بدولت قائم شدہ جامعۃ الکوثر اور ارض خدا پر ان کے ہاتھوں انجام پانے والے ہمہ جہت کارہائے خیرکا بار بار ذکر کرتے ہوئے ترویج دین اسلام اور سر بلندی مکتب تشیع کے لئے ان کی انتھک زحمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے شیخ محسن نجفی کی بلندی درجات کے لئے دعائے خیر بھی کی۔


خبر کا کوڈ: 1162086

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1162086/جامعۃ-الکوثر-اسلام-ا-باد-میں-میلاد-صادقین-کے-حوالے-سے-تقریب-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com