QR CodeQR Code

اسرائیل و لبنان تقریباََ ایک مکمل جنگ میں ہیں، جوزپ بورل

24 Sep 2024 07:17

صحافیوں سے اپنی ایک گفتگو میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو جنگ روکنے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہئیں۔


اسلام ٹائمز۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ "جوزپ بورل" نے کہا کہ لبنان اور صیہونی رژیم تقریباََ ایک مکمل جنگ میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج صبح نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال انتہائی خطرناک اور پریشان کُن ہے۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ ہم ایک مکمل جنگ میں ہیں۔ انہوں نے لبنان پر صیہونی حملوں کے نتیجے میں نہتے شہریوں کے جانی نقصان کا ذکر کیا۔ اس نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے جوزپ بورل نے کہا کہ اگر یہ صورت حال جنگ نہیں تو اور کیا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ کے پھیلاؤ کے حوال سے یورپ کی تشویش ایک حقیقت بن چکی ہے۔ لیکن کشیدگی میں کمی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس سارے تنازعے میں شہریوں نے بھاری قیمت چکائی ہے اسلئے مزید کسی تصادم سے بچنے کے لئے سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔

جوزپ بورل نے کہا کہ یہاں نیویارک میں ایسا کرنے کا موقع ہے۔ ہر کسی کو جنگ روکنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہئیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 17 اور 18 ستمبر کو اسرائیل نے دہشت گردانہ کارروائی کرتے ہوئے لبنان میں پیجر اور مواصلاتی آلات کو دھماکوں سے اڑا دیا تھا۔ جس میں 27 افراد شہید اور 3 ہزار سے زائد لبنانی زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ یہ رژیم گزشتہ صبح سے جنوبی لبنان کے رہائشی علاقوں پر بمباری کر رہی ہے جس میں متعدد افراد شہید ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے لبنان کی وزارت صحت نے اپنے ایک جاری بیان میں اعلان کیا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیل کی ظالمانہ بمباری میں اب تک 492 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ جن میں 35 بچے اور 58 خواتین شامل ہیں۔ جب کہ ان حملوں میں 16 سو سے زائد لبنانی زخمی ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1162011

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1162011/اسرائیل-لبنان-تقریبا-ایک-مکمل-جنگ-میں-ہیں-جوزپ-بورل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com