QR CodeQR Code

ہفتہ وحدت کا مقصد اتحاد، وحدت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے، علامہ مقصود ڈومکی

23 Sep 2024 21:40

کنب شہر کے مین چوک پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سید الانبیاء (ص) سے عشق و مودت ایمان کا تقاضا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اسلام دشمن استکباری قوتیں مسلمانوں کے درمیان نفرت، اختلاف اور انتشار کو ہوا دے رہی ہیں اور عالمی سامراج "لڑاؤ اور حکومت کرو" کے شیطانی منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنب شہر کے مین چوک پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جامعہ امام علی علیہ السلام کنب کے زیر اہتمام جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور میلاد امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے عظیم الشان سالانہ ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، جامعہ امام علی علیہ السلام کنب کے پرنسپل علامہ محمد نقی حیدری، سید زین العابدین شاہ، عمران شاہانی رئیس اور نثار علی چانڈیو نے کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سید الانبیاء (ص) سے عشق و مودت ایمان کا تقاضا ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں حضرت محمد مصطفی (ص) جیسا بے عیب رسول عطا کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ہفتہ وحدت منانے کا مقصد امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و وحدت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ کیونکہ اسلام دشمن استکباری قوتیں مسلمانوں کے درمیان نفرت، اختلاف اور انتشار کو ہوا دے رہی ہیں اور عالمی سامراج "لڑاؤ اور حکومت کرو" کے شیطانی منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ امت مسلمہ کے علماء و اکابرین اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نفرت کے سوداگروں کو شکست دیتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کے پیغام کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل کے مقابلے میں حزب اللہ، حماس اور انصار اللہ کے جوانوں نے جس بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق صد تحسین ہے۔ فلسطین کے مظلوم مسلمان پوری امت مسلمہ کے عزت اور وقار کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انشاءاللہ حماس، حزب اللہ، انصار اللہ اور دیگر اہل حق کے جہاد کے نتیجے میں بیت المقدس آزاد ہوگا۔ ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ فلسطین خدا کے صالح بندوں کے ہاتھوں عنقریب آزاد ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 1161920

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161920/ہفتہ-وحدت-کا-مقصد-اتحاد-اور-بھائی-چارے-کو-فروغ-دینا-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com