QR CodeQR Code

ٹرمپ کو قتل کی کوشش کرنیوالے ملزم کا خفیہ خط منظر عام پر، تہلکہ خیز انکشافات

23 Sep 2024 20:48

پولیس کی تفتیش میں ملزم کی گاڑی سے 6 موبائل فون بھی ملے ہیں، جن میں سے ایک پر میکسیکو جانے کا راستہ تلاش کرنے کا ریکارڈ ملا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکا میں ریپبلیکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کا ایک خفیہ نوٹ سامنے آگیا ہے، جبکہ اس کی گاڑی میں ٹرمپ کی تقریبات کے مقامات اور تاریخوں کی ایک فہرست بھی ملی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 15 سمتبر کو  فلوریڈا کے ایک گالف کورس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی، جس کے بعد ایک ملزم ریان ویزلی کو حراست میں لے لیا گیا تھا، تاہم اس کی جانب سے جائے واردات کے قریب ایک نوٹ چھوڑا گیا تھا جس کی تفصیلات امریکی محکمہ انصاف نے جاری کردیں۔ ملزم کے نوٹ میں اس کی جانب سے سابق صدر کو مارنے کی نیت کا ذکر کیا گیا۔ اس کی گاڑی میں ٹرمپ کی تقریبات کے مقامات اور تاریخوں کی ایک تحریری فہرست بھی ملی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 58 سالہ ریان ویزلی روتھ کے خلاف عائد الزامات میں حکام کا کہنا ہے کہ اس نے ٹرمپ کے قتل کے لیے منصوبہ بندی کی تھی، جسے ایک خفیہ سروس کے اہلکار نے روکا جب اس نے ایک رائفل کو جھاڑیوں میں جھانکتے دیکھا۔



ریان ویزلی کا خط ایک نامعلوم شخص کے گھر پر چھوڑا گیا تھا، جس نے گزشتہ اتوار کو ملزم کی گرفتاری کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کیا۔ نوٹ میں یہ بھی درج تھا کہ اس نے ٹرمپ کے قتل کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا اور اس نے دوسروں سے مدد مانگی کہ وہ یہ کام مکمل کریں۔ اس نوٹ کے ساتھ ایک باکس میں گولیاں، دھات کے پائپ اور دیگر اشیاء بھی موجود تھیں، جو کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد کھولی گئیں۔ پولیس کی تفتیش میں ملزم کی گاڑی سے 6 موبائل فون بھی ملے ہیں، جن میں سے ایک پر میکسیکو جانے کا راستہ تلاش کرنے کا ریکارڈ ملا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریان ویزلی کی گاڑی میں ایک نوٹ بک بھی ملی ہے، جس میں روسی اور چینی حکومتوں پر تنقید اور یوکرین کےلیے جنگ میں شامل ہونے کے حوالے سے نوٹس تھے۔



واضح رہے کہ 15 ستمبر کو فلوریڈا کے اس علاقے میں، جہاں ٹرمپ گالف کھیل رہے تھے، سیکریٹ سروس کے ایک ایجنٹ نے ایک مشتبہ شخص کو باڑ کے قریب رائفل کے ساتھ دیکھا تھا، جس پر ایجنٹ نے فائرنگ کی، مگر یہ واضح نہیں ہے کہ ملزم نے کوئی گولی چلائی یا نہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک AK-47 رائفل، دو بیگ اور ایک گو پرو کیمرا برآمد کیا تھا، ملزم ریان ویزلی روتھ کو فلوریڈا کے ہائی وے I-95 پر ایک خود کار لائسنس پلیٹ ریڈر کے ذریعے شناخت کے بعد چند منٹوں میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ریان ویزلی روتھ کون ہے؟
نیو یارک ٹائمز کے مطابق ریان ویزلی روتھ تعمیرات کے شعبے کا سابق کارکن ہے جو شمالی کیرولائنا کے علاقے گرینسبورو سے تعلق رکھتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زیر حراست شخص کا کوئی باضابطہ فوجی بیک گراؤنڈ نہیں ہے لیکن اس نے ماضی میں خاص طور پر 2022ء میں یوکرین اور روس کی جنگ کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعے یوکرین کی جانب سے جنگ میں حصہ لینے کی شدید خواہش کا اظہار کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1161908

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161908/ٹرمپ-کو-قتل-کی-کوشش-کرنیوالے-ملزم-کا-خفیہ-خط-منظر-عام-پر-تہلکہ-خیز-انکشافات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com