QR CodeQR Code

جنوبی لبنان پر صیہونی بمباری، 182 افراد شہید، 700 زخمی

23 Sep 2024 19:45

برطانوی اخبار دی گارجین نے اسرائیل کے تازہ ترین حملوں کو غزہ میں گزشتہ اکتوبر میں شروع ہونے والی لڑائی کے حوالے سے اب تک کے شدید ترین حملے قرار دیا ہے۔ لبنان کی وزارتِ صحت کے حکام نے بتایا کہ پیر کی صبح صہیونی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں اور دیہات کو نشانہ بنایا۔


اسلام ٹائمز۔ عرب ملک لبنان میں لوگ ابھی نیند سے بیدار ہی ہوئے تھے کہ ان کے فون پر میسیج آنے لگے، لکھا تھا اگر آپ کسی ایسی عمارت میں رہتے ہیں جہاں حزب اللہ کے ہتھیار رکھے گئے ہیں یا حزب اللہ کے اراکین موجود ہیں تو فوراً وہ گاؤں یا عمارت چھوڑ دیں۔ اسی طرح کے پیغامات اچانک لبنانی ریڈیو پر گونجنے لگے۔ اس سے پہلے کہ لوگ کوئی منصوبہ بنا پاتے زور دار دھماکے ہونے لگے، راکٹ گرنے لگے اور چند لمحوں میں پورا علاقہ دھوئیں سے بھر گیا، چہار سو افراتفری پھیل گئی، لوگ ادھر ادھر بھاگتے نظر آئے اور دھواں چھٹا تو 180 سے زائد افراد جانیں گنوا بیٹھے تھے اور 700 سے زائد زخمی تھے۔ اسرائیلی فوج نے پیر کی علی الصبح لبنان پر سینکڑوں فضائی حملے کئے۔ صبح سویرے آئی ڈی ایف کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے لبنان کے عوام کے نام ایک پیغام بھیجا۔ انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم حزب اللہ کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے والے ہیں۔ راکٹوں اور میزائلوں سے حملے کئے جائیں گے۔ اگر آپ ایسی جگہ پر ہیں جہاں حزب اللہ کا اسلحہ ذخیرہ ہے، ان کے جنگجو موجود ہیں، تو وہ گاؤں یا جگہ خالی کر دیں۔ کچھ ہی دیر بعد لبنانی ریڈیو پر بھی ایسے پیغامات گونجنے لگے۔ لبنان پر تازہ ترین اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ برطانوی اور دیگر مغربی میڈیا نے ابتدائی رپورٹس میں بتایا ہے کہ ان حملوں میں 180 سے زائد افراد شہید اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

چند ایک خبر رساں اداروں نے شہادتوں کی تعداد 200 تک بتائی ہے۔ برطانوی اخبار دی گارجین نے اسرائیل کے تازہ ترین حملوں کو غزہ میں گزشتہ اکتوبر میں شروع ہونے والی لڑائی کے حوالے سے اب تک کے شدید ترین حملے قرار دیا ہے۔ لبنان کی وزارتِ صحت کے حکام نے بتایا کہ پیر کی صبح صہیونی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں اور دیہات کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ سرکاری حکام نے بتایا ہے کہ محتاط اندازے کے مطابق 200 سے زائد افراد جاں بحق اور 800 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ جنوبی لبنان کے بہت سے علاقوں سے لوگوں نے بڑے پیمانے پر نقلِ مکانی کی ہے۔ لبنانی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان اور دیگر علاقوں میں حزب اللہ کے 300 سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی حکومت کے ترجمان ڈیوڈ مینسر نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ شمالی اسرائیل اور دیگر بہت سے علاقوں پر حزب اللہ کے حملوں کے نتیجے میں 60 ہزار سے زائد افراد کو نقلِ مکانی کرنا پڑی ہے۔ اسرائیلی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملوں کے بعد سے اب تک کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل پر کوئی حملہ نہ کیا گیا ہو۔ ان حملوں سے بھاری مالی نقصان پہنچتا رہا ہے۔ اب اسرائیل کے پاس بھرپور جوابی کارروائی کے سوا چارہ نہیں۔ صہیونی فوج نے جنوبی لبنان میں بقا کے علاقے میں رہنے والوں سے کہا ہے کہ وہ وہاں سے فوری طور پر نکل جائیں کیونکہ وہاں حزب اللہ کے میزائلوں کا بہت بڑا ذخیرہ ہے جسے نشانہ بنانے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1161883

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161883/جنوبی-لبنان-پر-صیہونی-بمباری-182-افراد-شہید-700-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com