QR CodeQR Code

پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر مندی

23 Sep 2024 18:11

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 223.95 پوائنٹس کی کمی سے 81850.50 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ مثبت معاشی اشاریوں کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 6 روزہ تیزی کے بعد پیر کو مندی کی لپیٹ میں رہی، جس سے انڈیکس کی 82000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی گر گئی۔ مندی کے سبب 54 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں، جبکہ سرمایہ کاروں کے 14 ارب 86 کروڑ 61 لاکھ 91 ہزار 275 روپے ڈوب گئے۔ اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا، جس سے ایک موقع پر 389 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی، لیکن عدالت عظمیٰ کی جانب سے مخصوص نشستوں سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے اور دھڑا دھڑ حصص کی آف لوڈنگ سے جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی۔ ایک موقع پر 526 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی، تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔

نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 223.95 پوائنٹس کی کمی سے 81850.50 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 56.93 پوائنٹس کی کمی سے 25977.37 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 72.60 پوائنٹس کی کمی سے 52216.26 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 2193.28 پوائنٹس کی کمی سے 128368.34 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم گزشتہ جمعے کی نسبت 17 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 40 کروڑ 03 لاکھ 9 ہزار 071 حصص کے سودے ہوئے، جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 439 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا، جن میں 143 کے بھاؤ میں اضافہ، 237 کے داموں میں کمی اور 59 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
 


خبر کا کوڈ: 1161855

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161855/پاکستانی-اسٹاک-مارکیٹ-میں-کاروباری-ہفتے-کے-ا-غاز-پر-مندی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com