QR CodeQR Code

عالمی طاقتوں کی خاموشی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا باعث بن رہی ہے، ڈاکٹر فائی

23 Sep 2024 13:08

ذرائع کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے فیئر فیکس میں ڈاکٹر غلام نبی فائی کی رہائش گاہ پر ممتاز کشمیری رہنمائوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کی خاموشی سے جموں و کشمیر پر بھارت کے قبضے کو تقویت ملتی ہے جو علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم کا باعث بن رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے فیئر فیکس میں ڈاکٹر غلام نبی فائی کی رہائش گاہ پر ممتاز کشمیری رہنمائوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کا مقصد کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنا اور اس سلسلے میں کوششوں کو تیز کرنا تھا۔ ڈاکٹر فائی نے امریکہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا جو تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فائی نے کہا کہ 43 لاکھ سے زائد ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجراء سے جن میں 25 لاکھ سے زائد غیر کشمیری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل ہو جائے گا۔

انہوں نے بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضے کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ان اقدامات سے مقبوضہ جموں و کشمیر نسل کشی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ اجلاس میں مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک اور شبیر احمد شاہ سمیت کشمیری رہنمائوں کی مسلسل نظربندی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈاکٹر فائی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر کا حتمی فیصلہ اس کے عوام کی مرضی کے مطابق اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس موقع پر اے بی این ٹیلی ویژن کے رضوان عباسی اور سنو ٹیلی ویژن کے عتیق احمد صدوزئی سمیت آنے والے مہمانوں نے 28ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی مندوب کی تقریر کے دوران کشمیریوں کے احتجاجی پروگرام کو سراہا۔


خبر کا کوڈ: 1161794

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161794/عالمی-طاقتوں-کی-خاموشی-مقبوضہ-کشمیر-میں-انسانیت-کے-خلاف-جرائم-کا-باعث-بن-رہی-ہے-ڈاکٹر-فائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com