QR CodeQR Code

کل جماعتی حریت کانفرنس کا اپنی قیادت سمیت تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ

23 Sep 2024 09:12

ترجمان حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کرے۔


اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ من گھڑت الزامات کے تحت بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں بند تمام حریت رہنمائوں، کارکنوں، نوجوانوں، خواتین اور صحافیوں کو رہا کرے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں حریت رہنمائوں سمیت کشمیری قیادت کی مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، سید شاہد یوسف شاہ، سید شکیل یوسف شاہ، مشتاق الاسلام، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، ڈاکٹر حمید فیاض، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم، ایڈووکیٹ نذیر احمد رونگا، ایڈووکیٹ محمد اشرف بٹ، ایڈووکیٹ مظفر قیوم، عبدالاحدپرہ، فردوس احمد شاہ، نور محمد فیاض، امیر حمزہ، حیات احمد بٹ، شوکت حکیم، ظفر اکبر بٹ، محمد یوسف فلاحی، ظہور احمد بٹ، ایڈووکیٹ زاہد علی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، غلام قادری بٹ، رفیق احمد گنائی، عمر عادل ڈار، سلیم نناجی، محمد یاسین بٹ، فیاض حسین جعفری، عادل سراج زرگر، دائود زرگر، اسد اللہ پرے، انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز، صحافی عرفان مجید، سجاد احمد ڈار، ماجد حیدری اور دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کرے۔ انہوں نے بھارت کی بی جے پی حکومت پر زور دیا کہ وہ تشدد اور طاقت کی پالیسیوں اور سیاسی انتقام سے باز رہے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے جس سے خطے میں امن، سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ تینوں فریقوں یعنی بھارت، پاکستان اور کشمیری قیادت کے درمیان مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا سب سے زیادہ متاثرہ فریق ہونے کے ناطے کشمیری فطری طور پر اس مسئلے کا فوری حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تمام تر مظالم کے باوجود حق خودارادیت کا مطالبہ جاری رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1161757

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161757/کل-جماعتی-حریت-کانفرنس-کا-اپنی-قیادت-سمیت-تمام-سیاسی-نظربندوں-کی-رہائی-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com