QR CodeQR Code

سید حسن نصر الله بہت ماہر ہے، صیہونی جنگی کابینہ کے سابق رکن

23 Sep 2024 08:16

اپنی ایک تقریر میں گاڈی آئزن کوٹ کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے جنگی اہداف میں الجھا ہوا ہے۔ ہمارے بنیادی اہداف حماس کی عسکری قوت کا خاتمہ، غزہ کی پٹی میں حماس کی حکومتی گرفت ڈھیلی کرنا اور صیہونی قیدیوں کی واپسی تھے۔


اسلام ٹائمز۔ کچھ عرصہ قبل "بنی گینٹز" کی سربراہی میں صیہونی جنگی کابینہ کے سابق رکن "گاڈی آئزن کوٹ" نے کہا کہ اسرائیل کو شمالی محاذ پر شدید جنگی مشکلات کا سامنا ہے۔ صیہونی فوج کے اس سابق جنرل نے کہا کہ اس وقت شمالی محاذ پر تصادم کی نوعیت ماضی کی نسبت متفاوت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار تل ابیب یونیورسٹی میں اسرائیلی داخلی سلامتی کے انسٹی ٹیوٹ میں ایک کانفرنس سے کیا جس کا موضوع عسکری ڈھانچے میں تبدیلی کی ضرورت تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ جب سید حسن نصر الله نے واضح طور پر اعلان کیا کہ لبنان میں ہونے والے واقعات کا تعلق جنوب (غزه کی پٹی) سے ہے حالانکہ ماضی میں حزب الله نے جنوب سے الگ ہو کر اپنے تنازعات کو انجام دیا۔ لیکن موجودہ حالات نے ہمارے لئے بہت سی پیچیدگیاں پیدا کر دی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں اور بنی گینٹز گزشتہ فروری سے شمال کو حملوں کا مرکز بنانا چاہتے تھے۔ اگرچہ اس وقت جنگ کو آگے بڑھانے کے حوالے سے بہت سے سوالات پوچھے جا رہے ہیں۔

سابق صیہونی چیف آف آرمی سٹاف کے مطابق، اسرائیل کو اس وقت ایک ایسے تجربہ کار شخص کا سامنا ہے جس کا نام سید حسن نصر الله ہے۔ اس لئے تصادم میں اضافے کے باوجود ہماری کارروائیاں نپی تُلی ہونی چاہئیں تا کہ جنگ کا دائرہ کار وسیع نہ ہو۔ کیونکہ ممکن ہے کہ یہ جنگ نہ صرف لبنان بلکہ شام اور عراق میں موجود ملیشیاء حتیٰ کہ یمن کے ساتھ شروع ہو جائے۔ گاڈی آئزن کوٹ نے اس کانفرنس میں اعتراف کیا کہ اسرائیل اپنے جنگی اہداف میں الجھا ہوا ہے۔ ہمارے بنیادی اہداف حماس کی عسکری قوت کا خاتمہ، غزہ کی پٹی میں حماس کی حکومتی گرفت ڈھیلی کرنا اور صیہونی قیدیوں کی واپسی تھے۔ شمال میں صیہونی آبادکاروں کی اپنے گھروں میں واپسی اسرائیلی فوج کے ایجنڈے میں نہیں۔ عملی طور پر ہم جنگ کے گرداب میں پھںس چکے ہیں۔ انہوں نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کہا کہ وہ ان واقعات کی تحقیقات کے لئے بنائی جانے والی کمیٹی کے خیال کی حمایت کرتے ہیں۔ کیونکہ اس سے اسرائیل کے مستقبل کا فیصلہ ہو سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1161756

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161756/سید-حسن-نصر-الله-بہت-ماہر-ہے-صیہونی-جنگی-کابینہ-کے-سابق-رکن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com