QR CodeQR Code

دنیا کیلئے امن و سلامتی ایران کا پیغام ہے، ڈاکٹر مسعود پزشکیان

23 Sep 2024 07:10

جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر اپنے ایک بیان میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم جس دنیا میں رہ رہے ہیں وہ یہ نہیں ہے۔ یہاں دوہرا معیار ہے۔ کچھ اچھے ہیں اور کچھ بلاوجہ بُرے۔ جس کے نتیجے میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر "مسعود پزشکیان" اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک کے "جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ" پر اترے جہاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ واضح ہے کہ دنیا کے لئے ہمارا پیغام امن و سلامتی کا ہے۔ یہ امن اور لوگوں کی ترقی پر مبنی اقوام متحدہ کے تعرے کی تکمیل کا سال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں قتل و غارت گری کی بجائے ایک ایسی دنیا تشکیل دینی چاہئے کہ جہاں سب انسان رنگ، نسل اور علاقائی تعصب کے بغیر آسانی سے زندگی گزار سکیں۔ لیکن بدقسمتی سے ہم جس دنیا میں رہ رہے ہیں وہ یہ نہیں ہے۔ یہاں دوہرا معیار ہے۔ کچھ اچھے ہیں اور کچھ بلاوجہ بُرے۔ جس کے نتیجے میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہمیں کرہ زمین پر رہنے کا جو موقع میسر ہے وہ سب انسانوں کے لئے برابر ہونا چاہئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" نے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر اپنے صدر کا استقبال کیا۔ اس کے علاوہ وہاں پر اقوام متحدہ میں مستقل ایرانی مندوب "امیر سعید ایروانی"، معاون نمائندہ "زہرا ارشادی"، وزارت خارجہ میں سیاسی و قانونی مشیران "مجید تخت‌ روانچی" اور "کاظم غریب‌ آبادی" سمیت ایرانی سفارت کے ارکان بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 1161753

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161753/دنیا-کیلئے-امن-سلامتی-ایران-کا-پیغام-ہے-ڈاکٹر-مسعود-پزشکیان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com