QR CodeQR Code

پاک ایران گہرے اور پائیدار تعلقات مشترکہ ورثے، باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، شرجیل میمن

22 Sep 2024 23:37

تقریب سے خطاب سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ تعاون کا درس ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا ہے، ہم مل کر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں، آج کے دن ہمیں پاک ایران تعلقات کو پروان چڑھانے کے اپنے عزم کی تجدید کرنی چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی قونصلیٹ کراچی میں ماہ ربیع الاول کے حوالے سے تقریب ہوئی ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان کی میزبانی میں ہونے والی اس تقریب میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، سید ذوالفقار شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کا مہینہ ربیع الاول ہمارے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے، ایرانی قونصلیٹ میں ربیع الاول حوالے سے ہونے والے تقریب کا حصہ بننا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمدردی، انصاف و اتحاد پر مبنی ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک ایران گہرے اور پائیدار تعلقات مشترکہ ورثے، باہمی احترام اور  تعاون پر مبنی ہیں، ثقافتی طور پر ایران اور پاکستان میں مشترکہ روایات، ادب اور فن کا ایک بھرپور مشجر ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فن، موسیقی اور ادب کے ذریعے ہمارے لوگوں کا مشترکہ تجربہ باہمی فہم کو فروغ دیتا ہے، آج کی تقریب ہمیں اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور عملی زندگی پر عمل کرنے اور ثقافتی روابط کے فروغ کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنی اظہار اور تعلیمی اقدامات کے فروغ سے ہم باہمی افہام و تفہیم اور احترام کو تقویت دے سکتے ہیں۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمیں غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں عالمی چیلنجز کا سامنا ہے، پاک ایران تعاون نہ صرف دوطرفہ بلکہ علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے لیے بھی ضروری ہے، ہم زرعی مہارت، وسائل کے تبادلے اور جدید حکمت عملیوں سے غذائی قلت کے چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلاگ اور تعاون سے ہم بہتر اقتصادی شراکت داری، ثقافتی تبادلے، اور باہمی تعاون پر مبنی اقدامات کر سکتے ہیں، تعاون کا درس ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا ہے، ہم مل کر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں، آج کے دن ہمیں پاک ایران تعلقات کو پروان چڑھانے کے اپنے عزم کی تجدید کرنی چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 1161699

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161699/پاک-ایران-گہرے-اور-پائیدار-تعلقات-مشترکہ-ورثے-باہمی-احترام-تعاون-پر-مبنی-ہیں-شرجیل-میمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com