QR CodeQR Code

نیب کا بی آر ٹی انکوائری کی مد میں 168 ارب کی ریکارڈ ریکوری کا دعویٰ

22 Sep 2024 22:02

پروجیکٹ میں سب سے بڑی ریکوری کی۔ نیب خیبرپختونخوا نے بی آرٹی پشاور معاملے میں 168.5 ارب روپے کی بڑی بالواسطہ ریکوری کی اور عالمی ثالثی عدالت سے کنٹریکٹرز کا 31.5 ارب روپے کا دعویٰ بھی خارج کروایا۔


اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) انکوائری کی مد میں 168 ارب ریکوری کا دعویٰ کردیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب نے 25 سالہ تاریخ میں بی آرٹی پروجیکٹ میں سب سے بڑی ریکوری کی۔ نیب خیبرپختونخوا نے بی آرٹی پشاور معاملے میں 168.5 ارب روپے کی بڑی بالواسطہ ریکوری کی اور عالمی ثالثی عدالت سے کنٹریکٹرز کا 31.5 ارب روپے کا دعویٰ بھی خارج کروایا۔ اعلامیے کے مطابق بی آر ٹی پشاور منصوبے کی تحقیقات کا آغاز 2018ء میں ہوا، تحقیقات میں بی آرٹی کے کنٹریکٹ کی غیرقانونی ایوارڈنگ اور سرکاری فنڈز میں خرد برد کے الزامات سامنے آئے۔ نیب کی حالیہ قیادت نے تحقیقات کو تیز کیا تو 108.5 ارب روپے کی بچت ہوئی اور تحقیقات میں ثابت ہوا کہ کنٹریکٹ میں شامل 6 منصوبے غلط طریقے سے چند مخصوص کمپنیوں کودیے گئے۔ نیب کا کہنا ہے کہ کمپنیوں نے معاہدے کی خلاف ورزی کی اور تقریباً ایک ارب روپے بغیر کام کے حاصل کیے۔ نیب تحقیقات میں 400 سے زائد بینک اکاؤنٹس کا بھی معائنہ کیا گیا جس سے مزید شواہد ملے۔ کنٹریکٹرز نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو جعلی گارنٹیاں جمع کرائی تھیں۔ پی ڈی اے کے دعوے کے مطابق 86 ارب روپے کا ہرجانہ بھی طلب کیا گیا، کنٹریکٹرز نے نہ تو کام 6 ماہ کی مقررہ مدت میں مکمل کیا نہ ہی غیرملکی کمپنیوں نے پاکستان آکر منصوبے پرکام کیا۔

اعلامیہ کے مطابق  کنٹریکٹرزنے بوگس آڈٹ رپورٹ جمع کرائی، ایس ای سی پی نے اس بوگس آڈٹ رپورٹ کی تصدیق بھی کی۔ نیب نے غیرملکی کمپنیوں کو ان کے سفارتخانوں کے ذریعے شامل تفتیش کیا۔ کنٹریکٹرز نے سود کی ادائیگی کی بنیاد پر 5 ارب کا دعویٰ بھی کیا، نیب تحقیقات کی وجہ سے پروجیکٹ کو اصلی لاگت پر مکمل کروا کر قومی خرانے کی 9 ارب کی بچت کی گئی۔ نیب نے بتایا کہ کارروائیوں کی بدولت یہ پروجیکٹ اصل لاگت پرمکمل کرکے مزید 9 ارب روپے کی بچت کی گئی، نیب کی تحقیقات کی وجہ سے کنٹریکٹرز نے پی ڈی اے کیساتھ عدالت سے باہر تصفیے کی درخواست کی، تصفیے کے نتیجے میں صرف 2.6 ارب روپے کی ادائیگی پر معاہدہ طے پایا، اس معاہدے کے بعد پشاور ہائیکورٹ نے تمام کیسز بند کردیے۔ اعلامیے میں مزید کہا کہ نیب نے 2018ء میں بی آرٹی پشاور کے غیرقانونی کنٹریکٹ دینے اور سرکاری خزانے میں خرد برد پر تحقیقات کا آغازکیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1161679

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161679/نیب-کا-بی-ا-ر-ٹی-انکوائری-کی-مد-میں-168-ارب-ریکارڈ-ریکوری-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com