QR CodeQR Code

بلڈوزر کارروائی پر روک لگانا عدالت عظمٰی کا اہم اور خوش آئند فیصلہ ہے، مقررین

22 Sep 2024 21:18

مولانا مکرم قاسمی نے کہا کہ جمعیت علماء ہند ایک تاریخی تنظیم ہے جس نے ملک کی آزادی میں اپنا خصوصی کردار ادا کرتے ہوئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اترپردیش کے مظفرنگر ضلع میں جمعیت علماء ہند کا ایک انتخابی پروگرام میں سپریم کورٹ آف انڈیا کی طرف سے بلڈوزر کی کارروائی پر عبوری روک کا خیرمقدم کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے بلڈوزر کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی، جس پر سپریم کورٹ نے عبوری روک لگا دی ہے جو ایک اہم کارنامہ ہے۔ جمعیت علماء ہند کے نو منتخب صدر مولانا مکرم قاسمی نے کہا کہ جمعیت علماء ہند ایک تاریخی تنظیم ہے جس نے ملک کی آزادی میں اپنا خصوصی کردار ادا کرتے ہوئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے چلائے جارہے بلڈوزر پر اپنے ردعمل کو ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بلڈوزر چلا کر خوف پیدا کریں جو کہ غیر قانونی ہے۔ مولانا مکرم قاسمی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جمعیت علماء ہند کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یکم اکتوبر 2024ء تک بلڈوزر چلانے پر عبوری پابندی عائد کر دی ہے جو کہ عدالت کا خوش آئند فیصلہ ہے۔

جمعیت علماء ہند کے مظفرنگر ضلع صدر مولانا مکرم قاسمی نے اجلاس کے دوران پردے اور لڑکیوں کے چھوٹے لباس پہن کر بازاروں میں جانے کو لے کر ایک بڑا بیان دیتے ہوئے کہا کہ عورت گھر کی زینت ہوتی ہے بازاروں کی رونقیں نہیں ہوتی۔ مولانا مکرم قاسمی نے کہا کہ دیکھئے عورتوں کے پہناوے کو لے کر جمعیت علماء ہند پہلے سے ہی مذمت کرتی چلی آرہی ہے، اسلام کے اندر ہم سبھی کو یہ تعلیم دیتے ہیں کہ اسلام کے اندر پردے کا نظام بنایا گیا ہے، اس لئے کہ جو عورت ہوتی ہے وہ گھر کی رونق ہوتی ہے وہ بازار کی رونق نہیں ہوتی، اس لئے عورتوں کو ایسا پہناوا پہننا چاہیئے جس سے غیر مرد اس کو غلط نظر سے نہ دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کو پورے بدن کو ڈھکنے والے کپڑے پہننے چاہیے لیکن کچھ بچیاں ایسے پہناوا پہنتی ہے ہم تو اس بات کی پہلے سے ہی مخالفت کرتے ہیں، پہناوا تو پورا پہننا چاہیے جس سے عورتوں کا پورا بدن ڈھک جائے۔

مولانا مکرم قاسمی نے کہا کہ مردوں کا نظریہ الگ ہے لیکن ہم یہ کہتے ہیں کہ عورتیں بازار کی زینت نہیں ہیں عورتیں تو گھر کی زینت ہیں، گھر کو صاف رکھنا چاہیئے، گھر کی صاف صفائی کرنا چاہیئے اپنے شوہر کو خوش رکھنا چاہیئے اور اپنے شوہر کے سامنے بن ٹھن کر رہنا چاہیئے لیکن اگر کوئی عورت بن ٹھن کر بازار میں جاتی ہے تو ہمارا سوال یہ ہے کہ وہ کس کے لئے باہر جا رہی ہے، عورت کا پہناوا تو پورا مکمل ہونا چاہیئے جس سے کوئی غیر مرد اس کو گندی نظر سے نہ دیکھے۔ مولانا مکرم علی قاسمی ضلع صدر اور مولانا عبدالخالق قاسمی ضلع جنرل سکریٹری اور نائب صدر محمد آصف قریشی بڈھانوی سمیت دیگر نائب صدور اور نائب سیکرٹری کے ساتھ خازن کا انتخاب اتفاق رائے سے کیا گیا۔ جمعیت علماء ضلع مظفرنگر کے ضلعی یونٹ کا انتخاب جمعرات کو مکمل ہوگیا ہے۔ جس میں ضلع صدر اور ضلعی جنرل سکریٹری کے ساتھ ساتھ ضلع کے نائب صدور اور ضلعی نائب سکریٹریوں کا اتفاق رائے سے انتخاب کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 1161667

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161667/بلڈوزر-کارروائی-پر-روک-لگانا-عدالت-عظم-ی-کا-اہم-اور-خوش-ا-ئند-فیصلہ-ہے-مقررین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com