QR CodeQR Code

کشمیر میں کسی پتھر باز اور دہشتگرد کو رہا نہیں کیا جائیگا، امت شاہ

22 Sep 2024 20:04

بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ کسی کو بھی محروم طبقات بشمول پہاڑیوں، گوجروں، دلتوں، دیگر پسماندہ طبقات کو دیے گئے ریزرویشن کو چھونے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کے روز اپوزیشن لیڈروں خاص طور پر نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں کسی پتھر باز یا دہشتگرد کو جیل سے نہیں چھوڑا جائے گا اور جب تک دہشتگردی کا صفایا نہیں ہو جاتا پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ نوشہرہ میں جموں کشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویندر رینا کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی میں تقریر کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے بات کرنا چاہیں گے۔ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس و کانگریس الائنس پتھراؤ کرنے والوں اور دہشت گردوں کو رہا کرنا چاہتے ہیں۔ فاروق عبداللہ جموں کی پہاڑیوں میں دہشت گردی کے احیاء کی بات کر رہے ہیں لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ مودی حکومت ہے اور ہم دہشت گردی کو زمین کے نیچے دفن کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی دہشت گرد یا پتھر باز کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

امت شاہ نے کہا کہ این سی اور کانگریس پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لئے بیٹنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میں فاروق عبداللہ اور راہل گاندھی کو بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی، میں اپنے نوشہرہ کے شیروں (نوجوانوں) سے بات کروں گا، پاکستان سے نہیں‘‘۔ برسوں کے دوران سرحدی باشندوں کی حفاظت کے لئے حکومت کی طرف سے تعمیر کئے گئے زیر زمین بنکروں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے بنکروں کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ کسی کو بھی سرحد پار سے فائرنگ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے گولی چلائی تو ہم گولے سے جواب دیں گے۔ انہوں نے ریزرویشن پر نیشنل کانفرنس و کانگریس لیڈروں کے ریمارکس پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کسی کو بھی محروم طبقات بشمول پہاڑیوں، گوجروں، دلتوں، دیگر پسماندہ طبقات کو دیے گئے ریزرویشن کو چھونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 1161665

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161665/کشمیر-میں-کسی-پتھر-باز-اور-دہشتگرد-کو-رہا-نہیں-کیا-جائیگا-امت-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com