QR CodeQR Code

کشمیری بھارتی قبضے میں مسلسل بدامنی اور مشکلات کا شکار

22 Sep 2024 09:29

عالمی یوم امن کے موقع پر جاری رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو بچانے کے لیے آگے آئے اور مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر مودی حکومت کا محاسبہ کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جب دنیا بھر میں ”امن کا عالمی دن“ منایا جا رہا ہے، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و  کشمیر میں کشمیری عوام گزشتہ 77برس سے مسلسل بدامنی اور گونا گوں مسائل و مشکلات کا شکار ہیں۔ ”عالمی یوم امن“ کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو بھارتی فورسز کے ہاتھوں شدید ظلم و ستم کا سامنا ہے، بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہا ہے۔ مودی حکومت نے اگست 2019ء میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد علاقے کا فوجی محاصرہ کیا اور کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے۔ حریت رہنماﺅں، کارکنوں، علماء، طلبا، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں سمیت پانچ ہزار سے زائد کشمیری  جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قابض فورسز مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں، مودی حکومت نے پورے مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے، اس نے علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کا حق مکمل طور پر سلب کر لیا ہے اور جو کوئی بھارتی جبر کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کرتا ہے اسے کالے قوانین کے تحت جیل بھیج دیا جاتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے جائز حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن بھارت انہیں فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔ رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو بچانے کے لیے آگے آئے اور مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر مودی حکومت کا محاسبہ کرے۔


خبر کا کوڈ: 1161578

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161578/کشمیری-بھارتی-قبضے-میں-مسلسل-بدامنی-اور-مشکلات-کا-شکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com