QR CodeQR Code

باہر بیٹھے ہینڈلر سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو ریاست سے دور کر رہے، سرفراز بگٹی

21 Sep 2024 20:06

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو آکسفورڈ سمیت علم و ترقی کیلئے دنیا بھر میں بھیج رہے ہیں، تو دوسری جانب امن دشمن عناصر انہیں مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل کر امن مخدوش کرنے پر مائل کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کا کہنا ہے کہ باہر بیٹھے ہینڈلر سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو ریاست سے دور کر رہے ہیں۔ امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن سے انسانیت کی بقاء اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ تاہم آج دنیا بھر میں امن سب سے بڑا چیلنج ہے۔ پاکستان عالمی سازشوں کے نرغے میں ہے جس میں ہمیں اندرونی معاملات درست کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کو مخدوش کرنے میں سوشل میڈیا کے منفی کردار سے آنکھیں بند نہیں کی جاسکتیں اور نہ ہی بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی قوتوں کو نظرانداز کیا جاسکتا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ باہر بیٹھے ہینڈلر سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو ریاست سے دور کر رہے ہیں۔ نوجوانوں اور ریاست میں نفرت کے بیج بو کر دوریاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمیں حالات کی نزاکت کا ادراک کرنا ہوگا۔ ہم اپنے نوجوانوں کو آکسفورڈ سمیت علم و ترقی کے لئے دنیا بھر میں بھیج رہے ہیں، تو دوسری جانب امن دشمن عناصر انہیں مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل کر امن مخدوش کرنے پر مائل کر رہے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ امن کا قیام اور ہر شہری کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پائیدار قیام امن کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم امن پر پاکستان اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا عزم کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1161498

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161498/باہر-بیٹھے-ہینڈلر-سوشل-میڈیا-پر-نوجوانوں-کو-ریاست-سے-دور-کر-رہے-سرفراز-بگٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com