QR CodeQR Code

پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، قاری عثمان

21 Sep 2024 19:15

اپنے پیغام میں مرکزی رہنما جے یو آئی نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہم پر سعودی عرب کا اکرام یوں بھی لازم ہے کہ پوری دنیا میں مملکتِ خداداد پاکستان سے مخلصانہ دوستی جس طرح سعودی عرب نے نبھائی ہے اور نبھا رہا ہے، وہ کہیں اور دکھائی نہیں دیتی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے مملکت سعودیہ عربیہ کے یوم الوطنی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ حرمین شریفین اور مملکت سعودی عربیہ سے نہ صرف والہانہ محبت رکھتا ہے بلکہ اسکی حفاظت اور تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنا اپنی سعادت سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا 23 ستمبر عالم اسلام کی عظیم مملکت سعودی عرب کا قومی دن ہے، سعودی عرب صرف عالم اسلام ہی کی عظیم مملکت نہیں بلکہ مشرق سے مغرب، شمال سے جنوب تک روئے زمین پر بسنے والے ہر مسلمان کا روحانی مرکز و محور بھی ہے۔

مرکزی رہنما جے یو آئی نے کہا کہ ہر کلمہ گو مسلمان وہ چاہے دنیا کے کسی بر اعظم، کسی ملک، کسی خطے میں آباد ہے وہ سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے اور یہاں آنا اپنے لئے زندگی کے سب سے بڑی سعادت سمجھتا ہے۔ اس سرزمین مقدس سے والہانہ عقیدت و محبت اور الفت و چاہت رکھتا ہے۔ اس کی سالمیت و دفاع کے لئے فکر مند رہتا ہے، اس کے امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 ستمبر 1932 کو سعودی عرب بھی احیائے اسلام کے نام پر وجود میں آیا تو پاکستان بھی کلمے کی بنیاد پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تسلیم کرنے میں بھی سعودی عرب نے دیر نہ لگائی، اسی طرح دوستی کا ہاتھ بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی بنیاد ابتدا میں ہی قائم ہوگئی جو اب تک قائم و دائم ہے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہم پر سعودی عرب کا اکرام یوں بھی لازم ہے کہ پوری دنیا میں مملکتِ خداداد پاکستان سے مخلصانہ دوستی جس طرح سعودی عرب نے نبھائی ہے اور نبھا رہا ہے، وہ کہیں اور دکھائی نہیں دیتی، ایک امت ہونے کے ناطے سعودی عرب میں بسنے والے اپنے سعودی بھائیوں کو دل کی گہرائیوں سے یوم الوطنی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1161492

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161492/پاکستان-سمیت-دنیا-بھر-کے-مسلمان-حرمین-شریفین-تحفظ-کیلئے-ہمہ-وقت-تیار-ہیں-قاری-عثمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com