QR CodeQR Code

امن صرف تنازعات کا خاتمہ نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کا قیام ہے، بلاول زرداری

21 Sep 2024 19:01

عالمی یوم امن پر پیغام میں چیئرمین پی پی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعات کے بنیادی اسباب جیسے غربت، عدم مساوات اور ماحولیاتی انحطاط کو دور کرے، جو پائیدار امن کے لیے ضروری ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں امن، انصاف، جمہوریت اور انسانی وقار کے اصولوں پر پارٹی کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی چیئرمین نے کہا کہ امن صرف تنازعات کا خاتمہ نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی امن اسی وقت حاصل کیا جا سکتا ہے جب ہر فرد کو اس کے پس منظر یا عقائد سے قطع نظر، انصاف اور عزت کے ساتھ برتاو کیا جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی رواں سال کی عالمی یوم امن کے لیے تھیم "امن کا کلچر فروغ دینا" کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن معاشرے کی تخلیق کے لیے ہر سطح پر باہمی احترام، ہمدردی اور عدم تشدد کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امن کا کلچر فروغ دینا ایک مسلسل عمل ہے، جو تعلیم، مکالمے اور شمولیتی طرز حکمرانی میں مضمر ہونا چاہیئے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کے حصول میں کئی چیلنجز کا سامنا کیا ہے لیکن قوم کی استقامت اس کی اصل طاقت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ امن، مکالمے اور مفاہمت کی علمبردار رہی ہے، یہ وہ اقدار ہیں جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بےنظیر بھٹو نے فروغ دیں۔ پی پی چیئرمین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعات کے بنیادی اسباب جیسے غربت، عدم مساوات اور ماحولیاتی انحطاط کو دور کرے، جو پائیدار امن کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، جب تک بنیادی سماجی اور معاشی ناانصافیوں کا ازالہ نہیں ہوگا، پرامن دنیا کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور فلسطین میں اسرائیلی بربریت دنیا میں امن و استحکام کے لیے زہرِ قاتل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1161489

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161489/امن-صرف-تنازعات-کا-خاتمہ-نہیں-بلکہ-انصاف-مساوات-اور-انسانی-حقوق-کے-احترام-قیام-ہے-بلاول-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com