QR CodeQR Code

لاہور میں تحریک انصاف کا کامیاب جلسہ، راستوں کی بندش کے باوجود کارکن پہنچے

21 Sep 2024 19:23

مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات میڈیا کو ساتھ لے کر لاہور کی سڑکیں دکھا رہی ہے کہ سب کھلی ہوئی ہیں وہ جہاں جہاں سے گزرتی ہیں، پیچھے سے سڑکیں بلاک کر دی گئیں۔ تحریک انصاف کے رہنما رانا شہباز نے کہا کہ ابھی تو لاکھوں لوگ راستے میں ہیں، انہوں نے پورے پنجاب کے اہم راستے اور موٹرویز کے انٹرچینج بند کر دیئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں کاہنہ کے مقام پر جلسے کی اجازت دیئے جانے کے بعد کارکنوں کی بڑی تعداد کاہنہ پہنچی اور جلسے میں شریک ہوئے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سہ پہر تین بجے سے شام چھ بجے تک کا وقت دیا گیا تھا جبکہ جلسہ رات گئے تک جاری رہا۔ اس موقع پر قائدین کا کہنا تھا کہ حکومت نے راستے بند کر دیئے، پورے لاہور کو جام کر دیا گیا ہے، اس کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کارکن جلسے میں پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات میڈیا کو ساتھ لے کر لاہور کی سڑکیں دکھا رہی ہے کہ سب کھلی ہوئی ہیں وہ جہاں جہاں سے گزرتی ہیں، پیچھے سے سڑکیں بلاک کر دی گئیں۔ تحریک انصاف کے رہنما رانا شہباز نے کہا کہ ابھی تو لاکھوں لوگ راستے میں ہیں، انہوں نے پورے پنجاب کے اہم راستے اور موٹرویز کے انٹرچینج بند کر دیئے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ جنوبی پنجاب سے آںیوالے قافلوں کو روکنے کیلئے دریائے چناب پر باہو بریج کو بند کر دیا گیا ہے۔ شورکوٹ کا انٹرچینج بند کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں سگیاں پل کو بند کیا گیا ہے۔ اسی طرح دیگر علاقوں سے آنے والے تمام راستے بند کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی گھناونی سازشوں کے باوجود کارکنوں نے قیدی نمبر ۸۰۴ سے اظہار عقیدت کیلئے لاہور کا رخ کیا اور ثابت کیا کہ موجودہ حکومت جعلی ہے۔ دیگر رہنماوں نے بھی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ جلسے کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ڈی جے نے ساؤنڈ سسٹم بند کر دیا۔ مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پولیس اہلکار جلسہ گاہ میں سٹیج پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سٹیج خالی کروایا، جس کے بعد جلسہ گاہ سے لوگ واپس جانے لگے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور موٹروے کے راستے لاہور پہنچ گئے ہیں اور کچھ دیر میں جلسہ گاہ پہنچ جائیں گے۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ این او سی کے مطابق جلسے کا وقت سہہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک تھا جو کہ ختم ہو چکا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے جلسے میں بجلی کی سپلائی بھی بند کر دی جس کے بعد پنڈال اندھیرے میں ڈوب گیا۔


خبر کا کوڈ: 1161488

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161488/لاہور-میں-تحریک-انصاف-کا-کامیاب-جلسہ-راستوں-کی-بندش-کے-باوجود-کارکن-پہنچے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com