QR CodeQR Code

جشن ولادت باسعادت رسول اکرم (ص) کی مناسبت سے

خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی میں عظیم الشان وحدت اسلامی کانفرنس کا انعقاد

22 Sep 2024 20:20

ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے آپس کے تفرقہ سے بچنے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی تشکیل کیلئے نئی اسلامی تہذیب کے ادراک کے حوالے سے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے نکته نظر کا خصوصی ذکر کیا۔


اسلام ٹائمز۔ میلاد باسعادت پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آله وسلم اور ہفتہ وحدت کے مبارک ایام کی مناسبت سے کراچی میں اسلامی جمہوریه ایران کے قونصلیٹ اور خانه فرہنگ کے زیر اہتمام "وحدت اسلامی کی تشکیل میں مشترکہ اقدار کا کردار" کے عنوان سے ایک شاندار علمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں ممتاز شیعہ و سنی  علماء کرام، جامعات اور دینی مدارس کے  اساتید و طلباء، ثقافت، آرٹ اور میڈیا سے منسلک معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے اپنی تقریر میں بنی نوع انسان کی تاریخ میں نسل کشی کے حوالے سے مغربی سامراجی ممالک کے مجرمانہ کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک جو مسلمانوں کو مسلسل دہشتگرد کے طور پر تعارف کراتے ہیں، خود دو عالمی جنگوں اور لاکھوں بے گناه انسانوں کے قتل عام کا سبب بنے ہیں، مغربی استعماری طاقتوں نے امریکا، آسٹریلیا اور افریقہ میں مقامی باشندوں کی بری طرح بے دردی سے نسل کشی کی ہے، جبکہ مسلمان ہمیشہ سے امن اور بھائی چارے کے علمبردار رہے ہیں۔ حسن نوریان نے آپس کے تفرقہ سے بچنے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی تشکیل کیلئے نئی اسلامی تہذیب کے ادراک کے حوالے سے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے نکته نظر کا خصوصی ذکر کیا۔
 
خانه فرہنگ اسلامی جمہوریه ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے امت اسلامیہ کے اتحاد کی ضرورت کے حوالے سے رہبر انقلاب اسلامی کے اسٹریٹجک افکار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امام خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ شیعہ سنی اتحاد کوئی سیاسی حکمت عملی کا حصه نہیں ہے، بلکہ مضبوط اسلامی عقائد اور عقلی حکمت عملی پر مبنی جامع راه حل کا نام ہے، جس کا ہدف اور مقصد عالمی استکبار کی سازشوں کا مقابله کرنے کیلئے، مسلکی اختلافات کا خاتمہ کرکے امت اسلامیہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سرزمین فلسطین میں حماس و  اسلامی جہاد، یمن کی انصاراللہ اور لبنان کی حزب اللہ کی تحریکیں فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کیلئے غاصب اسرائیلی حکومت کے خلاف ایک مشترکہ محاذ پر صف آرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک خدا، ایک دین، ایک کتاب، ایک قبلہ اور مشترکہ دشمن کا وجود، ایسے عناصر ہیں، جن کی بنیاد پر مختلف اسلامی فرقوں کیلئے کیلئے ضروری ہے کہ آپس کے تنازعات و اختلافات سے گریز کرتے ہوئے اپنے مشترکه دشمن کے خلاف متحد ہو جائیں۔

جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ سید رضی جعفر نقوی نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ نے ہفتہ وحدت کا اعلان کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ مسلمانو! ایک ہو جاؤ ورنہ دشمن تم سب کو  الگ الگ کرکے ختم کر دے گا، آج عالم اسلام کی جو کیفیت ہے، وہ اس چیز کی مکمل عکاسی کر رہا ہے، دہشتگردی کو اسلام کی طرف منسوب کرنے والے خود بڑے دہشتگرد ہیں، وہ مسلمانوں کے اختلافات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں آپس میں دست و گریبان کر رہے ہیں، اس وقت دنیا میں جہاں کہیں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، اس کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رسول اکرم (ص) نے فرمایا جو بھی شخص کسی مسلمان پر ظلم دیکھ کر خاموش رہے وہ درحقیقت مسلمان نہیں ہے"، اس چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں چاہئے کہ ظلم کے خلاف سب خلاف متحد ہو جائیں۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام میں صرف ایران واحد ملک ہے جو مظلوم فلسطینیوں کی مدد کر رہا ہے، اسلامی ممالک کو چاہئے کہ ایران کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے یک زبان ہو جائیں۔ پروفیسر شازیہ امام نے اپنی تقریر میں کہا کہ وحدت اسلامی کی تشکیل میں مسلمانوں کے مشترکہ اقدار اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، کیونکہ ہمارے مشترکہ اقدار ہم پر کچھ بنیادی فرائض عائد کرتے ہیں، جن کی پاسداری سے باہمی اختلافات سے باآسانی بچا جا سکتا ہے، ظلم کے خلاف آواز اٹھانا اور مظلوم کی مدد کرنا سب اسلامی فرقوں کی تعلیمات میں شامل ہے، اگر سب مسلمان ان تعلیمات کی پیروی کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ عالمی سامرج کے خلاف متحد نہ ہو سکیں۔

معروف اہلسنت عالم مولانا اصغر درس نے کہا کہ قرآن کریم میں واضح الفاظ میں مسلمانوں کو اتحاد کا حکم دیا  گیا ہے، قرآن فرماتا ہے کہ خدا کی رسی کو مضبوطی سے پکڑو اور آپس کے اختلاف سے بچو، مسلمانوں کو تفرقہ اور اختلاف سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ قرآن کریم اور سیرت رسول اکرم (ص) سے تمسک کریں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران اس وجہ سے کامیاب ہوا کہ اس کی بنیاد قرآن کریم اور سیرت رسول اکرم (ص) کی پیروی پر استوار تھی، رسول اسلام (ص) نے فرمایا کہ مومن کی جان و ناموس کی عزت و حفاظت کعبے سے بھی  افضل ہے، بس تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ مظلوم مسلمانوں کی جان و ناموس کی حفاظت کیلئے متحد ہو جائیں۔ کانفرنس میں پیر معاذ علی نظامی چشتی نے بارگاہ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹر جواد ہاشمی نے نظامت و اردو مترجم، جبکہ خاور عباس نے بھی مترجم کے فرائض انجام دیئے۔


خبر کا کوڈ: 1161474

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161474/خانہ-فرہنگ-اسلامی-جمہوریہ-ایران-کراچی-میں-عظیم-الشان-وحدت-اسلامی-کانفرنس-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com