QR CodeQR Code

آن لائن گیم پب جی کا دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے کا انکشاف

20 Sep 2024 18:56

ڈی پی او سوات ڈاکٹر زاہد اللّٰہ کے مطابق دوران تفتیش گرفتار دہشت گردوں نے اعتراف کیا کہ وہ رابطے کیلئے دیگر ایپس کیساتھ ساتھ پب جی گیم کے چیٹ روم کا استعمال کرتے تھے۔ آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ پب جی گیم کھیلنے کیلئے ایک گروپ بنایا جاتا ہے، جس میں ریئل ٹائم میں گیم کھیلنے والے وائس میسیج اور ٹیکسٹ میسیج کے ذریعے ایک دوسرے کیساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ آن لائن گیم پب جی پر لو سٹوری کھیلنے سے روکنے پر قتل یا خودکشی اور دیگر واقعات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں، لیکن اب اس گیم کے ذریعے دہشتگردی سے متعلق خبر بھی سامنے آئی ہے، جس کا انکشاف سوات سے گرفتار ہونیوالے 3 دہشت گردوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کیا۔ روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق جیسے جیسے ٹیکنالوجی میں جدت آتی جا رہی ہے، ویسے ویسے اس کے مثبت اور منفی استعمال بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ خیبر پختوخوا کے ضلع سوات میں 28 اگست کو پب جی کو استعمال کرتے ہوئے مینگورہ کی بنڑ پولیس چوکی کو نشانہ بنایا گیا تھا، حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے، جس میں ایک اہلکار بعد میں دم توڑ گیا تھا۔

ڈی پی او سوات ڈاکٹر زاہد اللّٰہ کے مطابق دوران تفتیش گرفتار دہشت گردوں نے اعتراف کیا کہ وہ رابطے کیلئے دیگر ایپس کیساتھ ساتھ پب جی گیم کے چیٹ روم کا استعمال کرتے تھے۔ آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ پب جی گیم کھیلنے کیلئے ایک گروپ بنایا جاتا ہے، جس میں ریئل ٹائم میں گیم کھیلنے والے وائس میسیج اور ٹیکسٹ میسیج کے ذریعے ایک دوسرے کیساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ واٹس ایپ، ٹیلی گرام، ٹوئٹر اور فیس بُک کے ذریعے دہشتگرد ایک دوسرے کو پیغام رسانی کرتے آئے ہیں، لیکن دہشتگردی کا یہ پہلا واقعہ ہے جس میں پب جی کے ذریعے اِنکرپٹڈ مسیجز دیئے گئے۔ ماہرین کے مطابق پب جی یا دیگر ایپلی کیشنز کے ذریعے دہشتگرد پیغام رسانی کو روکنا ممکن ہے، لیکن اس کیلئے سائبر ایکسپرٹس کیساتھ ساتھ ایپلی کیشنز فراہم کرنیوالی کمپینوں سے مدد لینی پڑے گی۔

’’جنگ‘‘ کے مطابق کالعدم تنظیموں کے ارکان کی تربیت کے حوالے سے اس سے پہلی بھی ٹی ٹی پی ترجمان کی جانب سے ایک کتابچہ سامنے آ چکا ہے، جس میں اینڈرائیڈ اور آئی فون کے استعمال کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ ایسی صورتحال میں پب جی اور دیگر ایپلی کیشنز کا دہشت گروں کے ہاتھوں استعمال یقیناً سائبر ایکسپرٹس اور سیکیورٹی ایجنسیز کیلئے ایک چیلنجنگ صورتحال ہے۔ جس سے بروقت ایڈوانس طریقے سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 1161272

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161272/ا-ن-لائن-گیم-پب-جی-کا-دہشتگردی-کیلئے-استعمال-ہونے-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com