QR CodeQR Code

اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم، پہلی بار انڈیکس کی 82 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور

20 Sep 2024 18:50

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب 43 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ حصص کی مالیت 57 ارب 23 کروڑ 23 لاکھ 73 ہزار 348 روپے بڑھ گئی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینچ میں تیزی کے سبب تاریخ رقم ہوگئی، پہلی بار انڈیکس کی 82 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور ہوگئی۔ مثبت معاشی اشاریوں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس ہونے، ذرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 9 ارب 51 کروڑ ڈالر کے ساتھ 26 ماہ کی بلند سطح پر آنے، آئی ایم ایف سے رواں ماہ قرض پروگرام کی ممکنہ منظوری کے بعد دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے انفلوز ملنے امید پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو بھی تیزی رہی، جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 82 ہزار پوائنٹس کی نئی سطح بھی عبور ہوگئی۔ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب 43 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ حصص کی مالیت 57 ارب 23 کروڑ 23 لاکھ 73 ہزار 348 روپے بڑھ گئی۔ کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 72 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی، لیکن شعبہ جاتی بنیادوں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے بیشتر دورانیے میں تیزی رہی، جس سے ایک موقع پر 913 پوائنٹس کی بڑی تیزی بھی رونما ہوئی۔

اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 615.16 پوائنٹس کے اضافے سے 82074.45 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 234.45 پوائنٹس کے اضافے سے 26034.31 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 279.07 پوائنٹس کے اضافے سے 52288.85 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 664.65 پوائنٹس کے اضافے سے 130561.62 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 5.08 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 48 کروڑ 23 لاکھ 73 ہزار 803 حصص کے سودے ہوئے، جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 453 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا، جن میں 195 کے بھاؤ میں اضافہ، 196 کے داموں میں کمی اور 62 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔


خبر کا کوڈ: 1161270

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161270/اسٹاک-ایکسچینج-میں-تاریخ-رقم-پہلی-بار-انڈیکس-کی-82-ہزار-پوائنٹس-سطح-عبور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com