QR CodeQR Code

روشن و خوشحال پاکستان ہی تکمیل تحریک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے، انوار الحق

20 Sep 2024 08:44

پلندری میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مملکت پاکستان، عوام  پاکستان اور افواج پاکستان کا کشمیریوں سے رشتہ کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ روشن و خوشحال پاکستان ہی تکمیل تحریک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے۔ افواج پاکستان کے بہادر آفیسرز و جوان اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کر رہے ہیں۔ ہماری موجودگی میں تقسیم کشمیر کی کوئی بات نہیں کر سکتا۔ پاکستان میں بسنے والوں کو اتنی سہولیات میسر نہیں جتنی آزاد کشمیر میں لوگوں کو حاصل ہیں، مقبوضہ کشمیر سے موازنہ کرنے والے سن لیں وہاں نماز پڑھنے کی بھی آزادی نہیں ہے۔ مملکت پاکستان، عوام  پاکستان اور افواج پاکستان کا کشمیریوں سے رشتہ کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔ نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ سدھنوتی شہدیوں اور غازیوں کی سرزمین روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کر کے اس کو سیاحت کا مرکز بنائیں گے۔ پلندری تراڑکھل روڈ، پلندری ڈنہ پوٹھی میر خان، ٹنگی گلہ روڈ کا کام رواں مالی سال میں شروع ہو جائے گا۔ آزاد پتن پر ریسکیو سنٹر اور بی ایچ یو کی آپ گریڈیشن، پلندری میں میونسپل کارپوریشن، بانڈی گوراہ میں مستقل آٹا ڈپو، ڈسٹرکٹ ہسپتال میں پانی کی فوری فراہمی کا اعلان کرتا ہوں، ان منصوبہ جات پر کام ہوتا ہوا عوام کو نظر آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم  آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے وزیر بہبود آبادی سردار محمد حسین ایڈووکیٹ کی دعوت پر پلندری میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم  آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست بھر میں فنڈز کو برابری کی بنیاد اور ترجیحی طور پر پسماندہ علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے لوگوں کے ٹیکسز کے پیسوں کو لوگوں پر خرچ کرنے کا رواج ڈالا ہے۔  وزیراعظم آفس کے اخراجات کو کم کر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا ہے۔ ریاست میں شفافیت کو پروان چڑھا رہے ہیں جہاں میرٹ کی بالا دستی اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی مدد ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقوق کے نام پر تعمیر و ترقی کو روکنا اپنے ساتھ ناانصافی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1161160

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1161160/روشن-خوشحال-پاکستان-ہی-تکمیل-تحریک-آزادی-کشمیر-کی-ضمانت-ہے-انوار-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com