QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر, ریاستی انتخابات کا پہلا مرحلہ آج ہو گا

18 Sep 2024 08:52

مقبوضہ جموں و کشمیر اسمبلی کے 90 حلقوں میں سے 24 میں آج پولنگ جاری ہے جس کیلئے 2 سو 19 امیدوار میدان میں ہیں، سات اضلاع میں 23 لاکھ 27 ہزار 580 افراد ووٹ دینے کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی اسمبلی کے نام نہاد انتخابات کا پہلا مرحلہ آج ہے، 24 حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر اسمبلی کے 90 حلقوں میں سے 24 میں آج پولنگ جاری ہے جس کیلئے 2 سو 19 امیدوار میدان میں ہیں، سات اضلاع میں 23 لاکھ 27 ہزار 580 افراد ووٹ دینے کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تین حلقوں ڈوڈا، رامبن اور کشتواڑ میں 8 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں جبکہ آزاد کشمیر کے 4 اضلاع اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کلگام کی 16 نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔ پولنگ کیلئے 14 ہزار افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے، ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ دیگر ذرائع کے مطابق انتخابات سے قبل بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرے گی۔ ترجمان کانگریس پون کھیرا نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کا منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی یقینی بنائیں گے۔ ترجمان کانگریس نے تسلیم کیا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مودی نے مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا حق چھین کر اسے مرکز کے زیرانتظام علاقہ بنایا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کو زبردستی ہڑپ کرنے پر انتہاپسند مودی سرکار کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ یونین منسٹر امیت شاہ کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 370 اب تاریخ کاحصہ ہے، بحال نہیں ہو سکتا۔ واضح رہے کہ مودی سرکار نے 2019ء میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 1160715

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160715/مقبوضہ-کشمیر-ریاستی-انتخابات-کا-پہلا-مرحلہ-ا-ج-ہو-گا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com