QR CodeQR Code

بریڈ فورڈ میں تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیراہتمام کشمیر سیمینار

18 Sep 2024 08:44

مقررین نے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے کشمیری ریاست جموں و کشمیر کا کیس موثر انداز میں برطانوی سیاسی جماعتوں، ارکان پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں تک پہنچا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیراہتمام کشمیر کے بارے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سیمینار سے برطانوی پارلیمنٹ کی نو منتخب اسپیکر جوڈتھ کمن، کل جماعتی پارلیمانی گروپ برائے کشمیر کے نو منتخب چیئرمین بیرسٹر عمران حسین، رکن پارلیمنٹ کیٹ ڈیئرڈن، پاکستانی قونصل جنرل زاہد حمید جتوئی، جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ برطانوی حکومت اور برطانوی پارلیمنٹ کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی لیبر حکومت کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر حل کرنے پر زور دے گی۔

مقررین نے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے کشمیری ریاست جموں و کشمیر کا کیس موثر انداز میں برطانوی سیاسی جماعتوں، ارکان پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں تک پہنچا رہے ہیں اور اس جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک پوری ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔ مقررین نے کہا کہ بریڈ فورڈ اور گردونواح میں بسنے والے کشمیریوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے اور ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ مقررین نے کشمیری عوام کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ بھارت کشمیری عوام کا قاتل ہے اور لاکھوں بھارتی فوجی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم سمیت بدترین مظالم ڈھانے میں مصروف عمل ہیں۔ مقررین نے نو منتخب ارکان برطانوی پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔


خبر کا کوڈ: 1160713

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160713/بریڈ-فورڈ-میں-تحریک-حق-خودارادیت-انٹرنیشنل-کے-زیراہتمام-کشمیر-سیمینار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com