QR CodeQR Code

اسرائیل حزب اللہ کو شکست نہیں دے سکتا، صیہونی ماہر

17 Sep 2024 16:52

معروف صیہونی تجزیہ کار اور ماہر ایزاک بریک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جنگ کی صورت میں اسرائیل حزب اللہ لبنان کو شکست دینے کی طاقت نہیں رکھتا لہذا اسے ایسے اقدام سے باز رہنا چاہئے۔


اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق صیہونی تجزیہ کار اور ماہر ایزاک بریک نے عبری زبان میں شائع ہونے والے اخبار ہارٹز میں اپنے مقالے میں لکھا ہے کہ جنگ کی صورت میں اسرائیل حزب اللہ لبنان کو شکست دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ اس نے پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل اور حزب اللہ میں جنگ شروع ہوتی ہے تو اس میں دونوں فریقین کا بھاری جانی اور مالی نقصان ہو گا اور آخرکار جنگ معاہدہ ہو جائے گا جس کے خدوخال ابھی سے واضح ہیں اور امریکی حکمران اس کیلئے کوشش کریں گے۔ اس مقالے میں مزید کہا گیا ہے کہ صیہونی وزیر جنگ یوآو گالانت نے شمالی سرحدوں پر موجود فوجی افسران اور سپاہیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ صیہونی فوج کی توجہ کا مرکز شمالی فلسطین پر مرکوز ہوتا جا رہا ہے اور عنقریب لبنان پر زمینی فوجی حملہ شروع ہونے والا ہے۔ یہ بیان بہت تشویشناک ہے۔ مقالے میں آیا ہے: "یہ بات بنجمن نیتن یاہو اور چیف آف آرمی اسٹاف ہرتزے ہالیوے نے بھی کی ہے جبکہ یہ تینوں افراد اب تک غزہ جنگ میں مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ بنیادی ترین ہدف حماس کی نابودی اور تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی آزادی تھی لیکن صورتحال یہ ہے کہ حماس اب تک غزہ کے تمام حصوں میں اپنا کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ اس کی زیر زمین سرنگیں بھی جوں کی توں ہیں۔"
 
ایزاک بریک اپنے مقالے میں مزید لکھتا ہے: "غزہ جنگ جاری رہنے کے سبب مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہو پائے اور یہ تھکا دینے والی جنگ اسرائیل میں اقتصاد، بین الاقوامی تعلقات عامہ، معاشرے کا صبر و تحمل اور فوجیوں کے مورال سمیت ہر چیز کو نابود کر ڈالے گی۔" ہارٹز میں شائع ہونے والے اس مقالے میں ریزرو فورس میں شامل فوجیوں کے فرار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے آیا ہے: "نیتن یاہو، گالانت اور لوی ان خطرناک زمینی حقائق کو پس پشت ڈال کر حزب اللہ لبنان پر حملہ ور ہونے کے درپے ہیں۔ یہ حملہ اسرائیل کر آخری اور کاری ضرب ثابت ہو گا کیونکہ اسرائیلی فوج حماس کو ختم کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہوئی لہذا یقیناً حزب اللہ کو ختم کرنا جو حماس سے سینکڑوں گنا زیادہ طاقتور ہے ہر گز ممکن نہیں ہو گا۔" ایزاک بریک لکھتا ہے: "حزب اللہ کے خلاف زمینی فوجی کاروائی میں اصل مسئلہ یہ ہے کہ اس کا نتیجہ علاقائی جنگ کی صورت میں ظاہر ہو گا جس کے باعث ہر طرف سے اسرائیل پر ہزاروں میزائل داغے جائیں گے۔ یہ جنگ کم از کم پانچ محاذوں پر شروع ہو جائے گی جن میں لبنان، گولان ہائٹس، مغربی کنارہ، اسرائیل کے اندر عوامی احتجاج میں شدت آنا، اردن سرحدوں سے عسکریت پسند عناصر کا اندر گھس آنا اور غزہ جنگ کا جاری رہنا شامل ہیں۔"


خبر کا کوڈ: 1160584

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160584/اسرائیل-حزب-اللہ-کو-شکست-نہیں-دے-سکتا-صیہونی-ماہر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com