صنعاء کیلئے پُرکشش امریکی پیشکش
17 Sep 2024 12:54
الجزیرہ سے اپنی ایک گفتگو میں محمد البخیتی کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ہمیں تجویز دی کہ ہم غزہ کی حمایت میں اسرائیل پر کئے جانے والے حملوں کو روک دیں تو واشنگٹن باضابطہ طور پر صنعاء حکومت کو تسلیم کر لے گا۔
اسلام ٹائمز۔ یمن کی مقاومتی تحریک "انصار الله" کے رہنماء "محمد البخیتی" نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کے خلاف ہائپر سونک میزائل حملے کے ایک روز بعد ہی امریکہ نے ہمیں تجویز دی کہ ہم غزہ کی حمایت میں اسرائیل پر کئے جانے والے حملوں کو روک دیں تو واشنگٹن باضابطہ طور پر صنعاء حکومت کو تسلیم کر لے گا۔ محمد البخیتی نے ان خیالات کا اظہار الجزیرہ سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی یمن کی مسلح افواج اس نوعیت کا کوئی حملہ کرتی ہیں تو فوراََ ہم سے رابطے بحال کئے جاتے ہیں۔ بعض اوقات ہمیں دھمکیاں دی جاتی ہیں اور بعض اوقات پُرکشش پیشکشیں۔
یاد رہے کہ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر "یحییٰ سریع" نے رواں ہفتے اتوار کے روز مقبوضہ فلسطین میں ایک ہائپر سونک میزائل سے اسرائیل کے فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کی خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا میزائل صیہونی ڈیفنس سسٹم کو روندتا ہوا اپنے ہدف پر جا لگا۔ اس میزائل نے 2040 کلو میٹر کا فاصلہ صرف 11 منٹ میں طے کیا۔ جس کے ردعمل میں صیہونی وزیراعظم "نتین یاہو" نے دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ یمنیوں کو اس کارروائی کی سخت قیمت چکانا ہوگی۔ دوسری جانب انصارالله کے سربراہ "سید عبدالمالک الحوثی" نے بھی اتوار کے روز ایک خطاب میں اس میزائل حملے کو اسرائیل کے خلاف کارروائی کے 5ویں مرحلے کا آغاز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں اس سے بھی بڑی کارروائیاں انجام دی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ: 1160544