وقف ترمیمی بل کو منظور کرانے کیلئے حکومت پُرعزم ہے، امت شاہ
17 Sep 2024 15:49
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان میں ترقی، سلامتی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے 10 سال وقف کرنے کے بعد بھارت کے لوگوں نے بی جے پی اور اسکے اتحادیوں کو مینڈیٹ دیا۔
اسلام ٹائمز۔ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی تیسری میعاد کے پہلے 100 دن مکمل ہونے کے موقع پر بھارت بھر میں کئی پروگرام منعقد کئے گئے۔ اس دوران حکومت کی اسکیموں اور کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔ نریندر مودی حکومت کی تیسری میعاد کے پہلے 100 دنوں پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ ہندوستان دنیا میں پیداوار کا مرکز بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ممالک ہماری ڈیجیٹل انڈیا مہم کو سمجھنا چاہتے ہیں اور اسے اپنی ترقی کی بنیاد بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نظم و ضبط لائے اور معیشت کے تمام 13 پیرامیٹرز میں ترقی کی۔
اس موقعے پر وقف (ترمیمی) بل پر بات کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ وقف املاک کے انتظام، تحفظ اور غلط استعمال کی روک تھام کے لئے لائے گئے ترمیمی بل کو پاس کرانے کے لئے حکومت پُرعزم ہے اور اسے آنے والے دنوں میں پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے گا۔ اسی کے ساتھ خلائی شعبے میں حکومت کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں ہندوستان کا مستقبل روشن ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ آزادی کے بعد دنیا نے پہلی بار ایک ایسی حکومت دیکھی جس کی خارجہ پالیسی ہندوستان کی ریڑھ کی ہڈی تھی۔
امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان میں ترقی، سلامتی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے لئے 10 سال وقف کرنے کے بعد، ہندوستان کے لوگوں نے بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو مینڈیٹ دیا، ایسا گزشتہ 60 سالوں میں پہلی بار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں سیاسی استحکام کی فضا آئی ہے، ہم نے پالیسیوں کا نفاذ دیکھا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں مودی حکومت اندرونی اور بیرونی سلامتی کو مضبوط بنا کر ایک مضبوط ہندوستان قائم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرریندر مودی ایک نئی تعلیمی پالیسی لائے جس میں ہمارا قدیم تعلیمی نظام اور جدید تعلیم شامل ہے، جو ہماری علاقائی زبانوں کا بھی احترام کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1160540