QR CodeQR Code

بی جے پی دنیا کو گمراہ کرنے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں سنگینوں کے سائے میں نام نہاد الیکشن کروا رہی ہے، حریت رہنما

17 Sep 2024 11:07

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مدارسِ پر قبضہ کیا گیا ہے، نظام تعلیم کو ہندو نصاب میں تبدیل کیا گیا اور اردو زبان کو ختم کر کے ہندی کو رائج کیا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ہندو نسل پرست بھارتی جنتا پارٹی دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے اور سپریم کورٹ کی ہدایت پر مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ بھارتی قابض فوجیوں کی سنگینوں کے سائے میں نام نہاد الیکشن کروا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کشمیری حریت رہنمائوں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، طاہرمسعود اور زاہد صفی نے اسلام آباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے 5 اگست 2019ء کے بعد نہتے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ ریاست کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے نام نہاد انتخابات سے قبل نئی حلقہ بندی اپنی من مانی سے کرائی گئی اور 42 لاکھ ہندوئوں کو جموں و کشمیر کے نئے ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس جاری کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں 39ہزار کنال اراضی کو غیر کشمیری ہندوئوں کیلئے مختص کیا گیا۔ مدارسِ پر قبضہ کیا گیا ہے، نظام تعلیم کو ہندو نصاب میں تبدیل کیا گیا اور اردو زبان کو ختم کر کے ہندی کو رائج کیا جا رہا ہے۔ حریت رہنمائوں نے واضح کیا جو بھی نام نہاد انتخابات میں ہندوستان کے ساتھ ہے اس کا حریت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ صرف حریت کا نام استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25سال سے کشمیری نوجوان جیلوں میں قید ہیں ان کے اہلخانہ کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 1160515

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160515/بی-جے-پی-دنیا-کو-گمراہ-کرنے-کیلئے-مقبوضہ-کشمیر-میں-سنگینوں-کے-سائے-نام-نہاد-الیکشن-کروا-رہی-ہے-حریت-رہنما

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com