QR CodeQR Code

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ ایران کی دعوت

16 Sep 2024 20:45

تہران میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایران کا دورہ کرنے کا باضابطہ دعوت نامہ دے دیا ہے اور وہ خود بھی جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ایران کے دورے کی باضابطہ دعوت دے دی۔ تہران میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایران کا دورہ کرنے کا باضابطہ دعوت نامہ دے دیا ہے اور وہ خود بھی جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا حوثی مجاہدین کو ساؤنڈ بیریئر توڑنے والے میزائل فراہم کرنے کی رپورٹوں میں کوئی صداقت نہیں۔ یمن کے حوثیوں نے اپنی صلاحیتوں سے بنایا گیا میزائل اسرائیل پر حملے میں استعمال کیا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام دفاعی مقاصد کیلئے ہے، جس سے کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہوں گے۔ خبر ایجنسی کے مطابق یمن کے حوثی مجاہدین نے گذشتہ روز اسرائیل پر ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا تھا۔

ایرانی صدر نے کہا ہم خود پر پابندیاں نہیں چاہتے، ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ ایران اپنے میزائل پروگرام پر کام کرنا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغرب ہمارے جوہری معاہدے سے توقعات رکھتا ہے، لیکن بدلے میں کچھ نہیں کرتا، جوہری معاہدے اور پابندیوں پر مغرب سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ غیر ملکی پابندیوں کے باوجود ایران پڑوسی اور دیگر ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا اسرائیل نے اسمٰعیل ہنیہ کو شہید کروا کر ایران کو علاقائی جنگ میں گھسیٹنےکی ناپاک کوشش کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 1160436

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160436/ایرانی-صدر-مسعود-پزشکیان-کی-سعودی-ولی-عہد-محمد-بن-سلمان-کو-دورہ-ایران-دعوت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com