QR CodeQR Code

ن لیگ سیاست کرنا بھول گئی ہے تو ایم کیو ایم سکھانے کیلئے تیار ہے، فاروق ستار

16 Sep 2024 23:29

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن سب سے پہلے اپنے حریفوں کے گلے اور شکوے دور کرے، اہم ایشوز پر میں نے مولانا فضل الرحمان اور بیرسٹر گوہر کو اختلاف کرتے نہیں دیکھا۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مسلم لیگ ن اگر سیاست کرے تو سیاست کا ایک طریقہ ہوتا ہے، کسی بھی بل کے حق میں ایک طریقہ کار ہوتا ہے کہ کیسے سیاسی جماعتوں کے دلوں کو جیتا جائے۔ پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مسلم لیگ ن یہ سیاست کرنا بھول گئی ہے تو ایم کیو ایم سیاست سکھانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سب سے پہلے اپنے حریفوں کے گلے اور شکوے دور کرے، اہم ایشوز پر میں نے مولانا فضل الرحمان اور بیرسٹر گوہر کو اختلاف کرتے نہیں دیکھا، تمام جماعتیں متفق ہیں عدالتی نظام عام آدمی کو انصاف دینے کےلیے بہتر ہونا چاہیئے۔

فاروق ستار نے کہا کہ عدالتوں میں ہزاروں کیسز ہیں لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا اس بات پر سب متفق ہیں، بلاول بھٹو نے بہت محنت کی لیکن ن لیگ کا اپنا ہوم ورک بہت کمزور تھا۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہمارا شکوہ ہے کہ اہم آئینی ترمیم کا بل اس طرح پاس نہیں کروایا جا سکتا، آئین میں ترمیم کرنا بڑا ذمہ داری والا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اگر سیاست کر رہی ہے تو یہ طریقے انہیں آنے چاہئیں، مجھے سکھانے کی ضرورت نہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ میں ان کا دوست بن کر کہہ رہا ہوں خدارا کسی چیز کو کرنے کے سیاسی طریقے اختیار کریں، عدلیہ کی آزادی کے لیے عدالتی نظام میں جو اصلاحات درکار ہیں وہ بھی ضروری ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1160429

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160429/ن-لیگ-سیاست-کرنا-بھول-گئی-ہے-ایم-کیو-سکھانے-کیلئے-تیار-فاروق-ستار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com