QR CodeQR Code

حکومت عدلیہ کو تابع فرمان بنانے کیلئے غیرجمہوری، غیرآئینی کھیل بند کرے، لیاقت بلوچ 

16 Sep 2024 22:48

جماعت اسلامی کے نائب امیر نے وفود سے ملاقات میں کہا کہ آئینی ترامیم پر کیا حکومت اور اتحادی جماعتیں حکومت کیساتھ دھوکہ بازی کررہے ہیں یا اتحادیوں کی بلیک میلنگ سیاست، جمہوریت، پارلیمنٹ کے لیے بدنامی کا داغ بن گئی ہے، مولانا فضل الرحمن صاحب اس محاذ پر حکومت اور اپوزیشن کیساتھ ٹھیک ٹھیک سیاسی پتے کھیل رہے ہیں۔ 


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی نشست اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ میاں شہباز شریف کی سربراہی میں حکومت ہر محاذ پر ناکامی اور عوام کیلیے مشکلات کا باعث بن گئی ہے، حکومت عدلیہ کو تابع فرمان بنانے کیلئے غیرجمہوری غیرآئینی کھیل بند کرے پارلیمنٹ، عدلیہ اور سیاسی مخالفین کو زیر کرنے کے لیے قانون سازی اور پارلیمنٹ کو بازیچہ اطفال بنا دیا ہے، آئینی ترامیم پر کیا حکومت اور اتحادی جماعتیں حکومت کیساتھ دھوکہ بازی کررہے ہیں یا اتحادیوں کی بلیک میلنگ سیاست، جمہوریت، پارلیمنٹ کے لیے بدنامی کا داغ بن گئی ہے، مولانا فضل الرحمن صاحب اس محاذ پر حکومت اور اپوزیشن کیساتھ ٹھیک ٹھیک سیاسی پتے کھیل رہے ہیں، ابھی تک ان کا ترپ پتہ ظاہر نہیں ہوا،حکومت بدنیتی پر مبنی قانون سازی، آئین کا حلیہ بگاڑنے اور عدلیہ کو تابع فرمان بنانے کے لیے غیر جمہوری، غیرآئینی کھیل کو بند کرے اور عوام کو بجلی بلوں، آئی پی پیز کے ظلم سے نجات دلانے کے لیے سنجیدہ کام کرے ورنہ انجینئرڈ سیاسی بحران کے پیچھے حکومت کو چھپنے نہیں دیا جائے گا۔ عوام ریلیف حاصل کرنے کے لیے ہڑتالوں، لانگ مارچ اور اسلام آباد کی طرف یلغار کے لیے بے تاب ہیں۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ جماعتِ اسلامی پورے ملک میں عوام، تاجر برادری، صنعت کاروں، مزدور و محنت کش تنظیموں اور ملازمین کی تنظیموں سے بڑے پیمانے پر رابطہ کررہی ہے، حکومت نے دھرنا احتجاج پر مذاکرات کے نتیجے میں طے شدہ معاہدے پر عمل نہ کیا اور عوام کو ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ، احتجاجی دھرنے ہونگے، سیاسی کشمکش اور دھینگا مشتی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 


خبر کا کوڈ: 1160417

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160417/حکومت-عدلیہ-کو-تابع-فرمان-بنانے-کیلئے-غیرجمہوری-غیرآئینی-کھیل-بند-کرے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com