QR CodeQR Code

عرفان صدیقی کی مجوزہ آئینی ترمیم غیر معینہ مدت تک مؤخر ہونے کی تصدیق

16 Sep 2024 12:01

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سینیئر رہنماء کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم ہو جائے گی، اس میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آتی، مولانا فضل الرحمان نے وقت مانگا ہے، وہ بہت ساری چیزوں پر مطمئن تھے، مسودے میں کچھ نکات پر اتفاق کا مسئلہ ہے، جو ہر فریق کا حق ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے سینیئر رہنماء و سینیٹر عرفان صدیقی نے مجوزہ آئینی ترمیم غیر معینہ مدت تک مؤخر ہونے کی تصدیق کردی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ امکان ہے کہ دونوں ایوانوں کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہو جائے گا، ترمیم آنے میں ہفتہ دس دن بھی لگ سکتے ہیں، اگر ترمیم نہیں بھی آئی تو کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم ہو جائے گی، اس میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آتی، مولانا فضل الرحمان نے وقت مانگا ہے، وہ بہت ساری چیزوں پر مطمئن تھے، مسودے میں کچھ نکات پر اتفاق کا مسئلہ ہے، جو ہر فریق کا حق ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئینی مسودہ کبھی پبلک نہیں ہوتا، پہلے یہ ایوان میں پیش ہوتا ہے، قانون مطلوبہ اکثریت مانگتا ہے، ہمیں نمبر گیم کا مسئلہ نہیں ہے۔

اس حوالے سے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ جمہوری عمل صبر آزما ہوتا ہے، لیکن اس کا پھل میٹھا ہوتا ہے، جمہوریت میں نمبر گیم نہیں ہوتی، جمہوریت میں تعداد کیساتھ ساتھ اتفاق رائے کا ہونا بھی ضروری ہوتا ہے، کسی کا ایک بھی ووٹ ہو، اس کی بھی رائے لینا جمہوریت کہلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، کچھ مسائل پر مزید گفتگو کی ضرورت ہے، مشاورت کا عمل جاری ہے، اتفاق رائے سے مسورہ تیار ہو جائے گا تو عمل بھی ہو جائے گا، سیاسی جماعتوں کے مؤقف میں دوریاں ختم کرنے کیلئے وقت لگتا ہے۔ پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ 2006ء میں بینظیر بھٹو شہید اور میاں نواز شریف نے آئینی عدالت کا فیصلہ کیا تھا، 24 سال سے عملدرآمد کی کوشش کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1160330

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160330/عرفان-صدیقی-کی-مجوزہ-آئینی-ترمیم-غیر-معینہ-مدت-تک-مؤخر-ہونے-تصدیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com