QR CodeQR Code

ریاست بہار کے مرزا غالب کالج میں نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ورکشاپ کا اہتمام

16 Sep 2024 13:18

پروفسیر شاہی نے نئی تعلیمی پالیسی پر اپنے تاثرات میں کہا کہ اسکی اچھی بات یہ ہے کہ اس میں اپنی مادری زبان کو بھی ترجیح دی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست بہار کے شہر گیا میں واقع مرزا غالب کالج میں قومی نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔ مگدھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ششی پرتاپ شاہی نے ورکشاپ کا شمع روشن کرکے افتتاح کیا، پروگرام کی شروعات تلاوت کلام پاک سے ہوئی، اس کے بعد سکریٹری مرزا غالب کالج شبیع عارفین شمسی اور پروفیسر انچارج پروفیسر علی حسین نے وائس چانسلر ششی پرتاپ شاہی اور اسپیکر کے طور پر تشریف لائے پروفیسر فرقان قمر اور پروفیسر ساجد کمال کو شال اور مومنٹو دے کر انکا استقبال کیا اور پروگرام کا حصہ بننے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ پروفسیر ششی پرتاپ شاہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس موضوع پر آج غالب کالج میں ورکشاپ کا انعقاد ہورہا ہے، اس کی ضرورت زیادہ یونیورسٹی کو تھی، لیکن وہ ہمارے ماتحت کام کالج کررہا ہے، اس کے لئے یہاں کے سکریٹری شبیع عارفین شمسی اور کالج منتظمہ مبارکباد کا مستحق ہے۔

اُنہوں نے نئی تعلیمی پالیسی پر اپنے تاثرات میں کہا کہ اسکی اچھی بات یہ ہے کہ اس میں اپنی مادری زبان کو بھی ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مادری زبان کو عام کریں، اس میں اردو بھی شامل ہے اور ہم یہ یقین دھانی کراتے ہیں کہ اردو کے فروغ کے لئے پوری شدت کے ساتھ کام ہوں گے، وہیں ورکشاپ کے پہلے سیشن میں راجستھان یونیورسیٹی اور ہماچل پردیش سینٹرل یونیورسیٹی کے سابق وائس چانسلر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے پروفیسر فرقان قمر نے اعلیٰ تعلیمی نظام میں ’دشواریاں اور وسائل‘ کے موضوع پر اپنی بات رکھی۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی جو فریم ورک ہوئی ہے، اس میں اگر کچھ خوبیاں ہیں تو کچھ خامیاں بھی ہیں اور خامیوں کو دور کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے متبادل ٹیکنالوجی کبھی نہیں ہو سکتی، کوالٹی آف ایجوکیشن کی افادیت پر زو دیتے ہوئے کہا کہ عصری تعلیم کو کوانٹٹی سے زیادہ کوالٹی پر دھیان دینے کی ضرورت ہے ورکشاپ کے دوسرے سیشن میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ایجوکیشن سے تشریف لائے پروفیسر ساجد جمال نے کہا کہ صرف کتابی تعلیم سے عصر حاضر میں طالب علموں کو فائدہ نہیں پہنچنے والا۔ آج کے دور میں نئی نئی تکنیک ایجاد ہو رہی ہے۔ اس کا بھی علم ہونا بہت ضروری ہے۔ آخر میں شعبہ ریاضی کے استاد ڈاکٹر لاڈلے خان نے اظہار تشکر کے فرائض انجام دیے۔ اس پروگرام کی نظامت شبہ انگریزی کی استاد ڈاکٹر سروت شمسی نے بحسن و خوبی انجام دیا۔ ورکشاپ میں مرزا غالب کالج کی گورننگ باڈی کے نائب صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن خان، کاؤنسل کے چیئر سمیت گورننگ باڈی کے ممبران کے علاوہ کالج کے تمام اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں طالب علم موجود رہے۔


خبر کا کوڈ: 1160301

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160301/ریاست-بہار-کے-مرزا-غالب-کالج-میں-نئی-تعلیمی-پالیسی-تحت-ورکشاپ-کا-اہتمام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com