QR CodeQR Code

گنڈاپور حکومت کا نصاب میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مواد شامل کرنے کا فیصلہ

16 Sep 2024 08:25

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقررہ ٹائم لائنز کے بعد پلاسٹک بیگز کے استعمال پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اینٹ کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے منصوبے کے تحت بھٹہ مالکان کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کی تجویز دی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے اسکولوں اور کالجوں کے نصاب میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مواد شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا اور متعلقہ حکام سے صوبے میں کلائمٹ چینج سینٹر یا کلائمٹ چینج اتھارٹی کے قیام کے لیے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے سیکریٹری کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت انوائرنمنٹل پروٹیکشن کونسل کا دوسرا اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری، متعلقہ انتظامی سیکریٹریز اور کونسل کے نجی اراکین نے شرکت کی۔ بیان کے مطابق اجلاس میں صوبے میں ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، صوبہ بھر خصوصاً سیاحتی مقامات پر پلاسٹک بیگز کے استعمال پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا اور صوبے میں پلاسٹک بیگز کے استعمال اور فروخت پر مکمل پابندی کے لیے تین مہینے کا وقت مقرر کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقررہ ٹائم لائنز کے بعد پلاسٹک بیگز کے استعمال پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اینٹ کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے منصوبے کے تحت بھٹہ مالکان کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کی تجویز دی گئی۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں انوائرنمنٹل پروٹیکشن کونسل کے رولز آف پروسیجرز کی منظوری دی گئی اور صوبے کے سیاحتی مقامات کو ماحولیاتی طور پر حساس علاقہ قرار دینے کے معاملے پر تفصیلی غوروخوص کیا گیا۔ محکمہ ماحولیات کو اس سلسلے میں تمام شراکت داروں کی مشاورت سے کابینہ کی منظوری کے لیے حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان مقامات میں ناران، کاغان، شوگران، گلیات، کمراٹ اور کالام شامل ہیں۔

اجلاس میں کلائمیٹ چینج سینٹر کے قیام پر بھی غوروخوص کیا گیا اور متعلقہ حکام کو صوبے میں کلائمٹ چینج سینٹر یا کلائمٹ چینج اتھارٹی کے قیام کے لیے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیرصدارت اجلاس میں اسکولوں اور کالجوں کے نصاب میں کلائمیٹ چینج سے متعلق مواد شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس مقصد کے لیے متعلقہ حکام اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں بی ٹی ایس ٹاورز کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے اور متعلقہ حکام کو شراکت داروں کی مشاورت سے مجوزہ گائیڈ لائنز کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے کونسل کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 1160268

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160268/گنڈاپور-حکومت-کا-نصاب-میں-موسمیاتی-تبدیلی-سے-متعلق-مواد-شامل-کرنے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com