تحفظ ناموس رسالت، عظمت اہل بیت و صحابہ اکرام پر ہماری جان قربان ہے، مخدوم زوہیب گیلانی
15 Sep 2024 22:47
رہنماوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت و عظمت اہل بیت و صحابہ اکرام کے تحفظ کیلئے ہماری جانیں قربان ہیں اگر ضرورت پڑی تو ہم اپنی جانوں اور مالوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم اپنے آقا و مولا اور اہلبیت و صحابہ اکرام کی ناموس کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
اسلام ٹائمز۔ انجمن غوثیہ قادریہ حبیبیہ جماعت اہل سنت ملتان مرکزی میلاد کونسل کے زیراہتمام تحفظ ختم نبوت میلاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے درگاہ عالیہ حضرت سخی نواب کے سجادہ نشین مخدوم سید محمد زوہیب گیلانی، جماعت اہل سنت کے ناظم اعلی علامہ محمد فاروق خان سعیدی اور جماعت اہل سنت کے راہنما علامہ قاری رکن الدین قادری نے کہا کہ حضور رحمت للعالمین کا جشن منانا، ولادت باسعادت کے موقع پر خوشی کا اظہار کرنا، نعرے لگانا یہ صحابہ کرام کی سنت ہے، خاتم النبین جب ہجرت کرکے مدینہ منورہ پہنچے تو اہلیان مدینہ کے بچے جوان مرد عورتیں بوڑھے سب حضور اکرم (ص) کی آمد پر خوشی منارہے تھے، نعرے لگارہے تھے، ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے تھے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ناموس رسالت و عظمت اہل بیت و صحابہ اکرام کے تحفظ کیلئے ہماری جانیں قربان ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ہم اپنی جانوں اور مالوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم اپنے آقا و مولا اور اہلبیت و صحابہ اکرام کی ناموس کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور ہم دنیا سے عالمی سطح پر اپنے نبی(ص) کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت قانون سازی کرنے اور سزائیں دینے کا مطالبہ کرتے ہیں، جب دنیا میں کہیں بھی ہمارے نبی(ص) کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے اس سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہے جو ہمارے نزدیک کھلی دہشت گردی ہے، فورا اس سلسلے کو روکا جائے۔ ریلی کی قیادت ممتاز سماجی شخصیت خالد اقبال خان بلوچ، ڈاکٹر شہوار مصطفی اویسی، وسیم ممتاز ایڈووکیٹ، بابو نفیس انصاری، الحاج محمد علی انصاری، محمد ایوب مغل، متحدہ میلاد کے بانی رکن الدین ندیم حامدی، علامہ شفیق اللہ بدری، سنی تحریک کے پنجاب کے ناظم اعلی مرزا ارشد قادری شریک تھے۔ آخر میں مخدوم سید محمد زوہیب گیلانی نے ملکی استحکام، سالمیت، افواج پاکستان تمام سیکورٹی ادارے بالخصوص فلسطین و کشمیر کے مسلمانوں کیلئے دعا کرائی۔
خبر کا کوڈ: 1160197