جمہوریت ہی عوام کی خدمت کا بہترین نظام ہے، وزیراعلیٰ سندھ
15 Sep 2024 21:00
یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کو بہترین انتقام قرار دیا، پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوریت ہی عوام کی خدمت کا بہترین نظام ہے۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوریت ہی عوام کی خدمت کا بہترین نظام ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کی علمبردار ہے، ہم نے جمہوریت کی بقا کے لئے بےشمار قربانیاں دی ہیں، جمہوریت کی آبیاری کے لیے ہمارے قائدین اور کارکنان نے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا، جمہوریت ایسا شاندار نظام ہے جہاں لوگ اپنے نمائندوں کا انتخاب خود کرتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کو بہترین انتقام قرار دیا، پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوریت ہی عوام کی خدمت کا بہترین نظام ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل اور استحکام کے لیے جمہوریت ہی واحد راستہ ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دیں اور بھرپور آواز بلند کی۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے آمروں کے سامنے بھی کبھی ہتھیار نہیں ڈالے، جمہوریت کی بحالی ہی ہمارا نصب العین ہے اور جمہوریت ہی اداروں کو مضبوط بناتی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1160183