QR CodeQR Code

فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی جانب سے تل ابیب پر یمن کے میزائل حملے کا خیرمقدم

15 Sep 2024 20:52

فلسطین میں سرگرم اسلامی مزاحمتی گروہوں نے آج تل ابیب پر انصاراللہ یمن کی جانب سے سپرسانک میزائل حملے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اسرائیل ہر گز اسلامی مزاحمت کے خلاف نیا محاذ کھولنے کی طاقت نہیں رکھتا۔


اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق فلسطین میں اسلامی مزاحمتی گروہ حماس کے ترجمان ابوعبیدہ نے آج بروز اتوار 15 ستمبر 2024ء تل ابیب پر انصاراللہ یمن کے کامیاب میزائل حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ ایسی رژیم جو ایک میزائل کو روکنے کی طاقت نہیں رکھتی جنگ کے نئے محاذ کیسے کھول سکتی ہے؟ ابوعبیدہ نے تل ابیب پر انصاراللہ یمن کے کامیاب میزائل حملے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: "ہم یمن کے عزیز عوام کی جانب سے فلسطین میں اپنے بھائیوں کی حمایت پر مبنی موقف اور ان کی جانب سے اس راستے میں جدوجہد اور قربانیاں دینے کے عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان نے مزید کہا: "اس حملے میں بروئے کار لایا گیا میزائل اور حملے کا نشانہ بننے والا مرکز دونوں اہم تھے اور اسرائیل پر یمن کے حملوں میں بنیادی نوعیت کی تبدیلی ظاہر کرتے تھے جو طوفان الاقصی معرکے میں بہت موثر واقع ہو گی۔" ابوعبیدہ نے کہا: "اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم بدستور غزہ کی دلدل میں پھنسی ہوئی ہے جبکہ یہ رژیم اور اس کے حامی ایک میزائل کو روکنے کی طاقت نہیں رکھتے اور اسے مار گرانے میں ناکام رہے ہیں۔"
 
القسام بریگیڈز کے ترجمان نے مزید کہا: "یہ رژیم جو ایک میزائل کو نہیں روک پائی اس سے کہیں زیادہ کمزور ہے کہ جنگ کو دیگر محاذوں تک پھیلائے بلکہ اب وہ مختلف محاذوں پر نت نئے سرپرائز حملوں سے روبرو ہو گی۔" ابوعبیدہ نے کہا: "جنگ کا دیگر محاذوں تک پھیلاو ایک احمقانہ اقدام ہو گا اور اس کا مطلب یہ ہو گا کہ بنجمن نیتن یاہو (صیہونی وزیراعظم) اس رژیم کو حتمی نابودی کی طرف لے کر جائے گا۔" یاد رہے آج دوپہر یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے تل ابیب پر کامیاب میزائل حملے کی اطلاع دیتے ہوئے اعلان کیا: "ہمارے میزائل یونٹ نے خدا کی مدد سے ایک اسپشل آپریشن انجام دیا ہے جس کے دوران مقبوضہ فلسطین کے علاقے یافا (تل ابیب) پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔ یہ حملہ ایک بیلسٹک میزائل کے ذریعے انجام پایا ہے جو کامیابی سے اپنے نشانے پر جا کر لگا ہے اور دشمن کا فضائی دفاعی نظام اسے مار گرانے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔" یحیی سریع نے مزید کہا: "اس میزائل نے 2 ہزار 40 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 11 منٹ میں طے کیا اور صیہونی رژیم میں خوف و وحشت کی فضا پھیلا دی۔ یوں صیہونی دشمن کی تاریخ میں پہلی بار تل ابیب میں 20 لاکھ صیہونی پناہ گاہوں میں گھسنے پر مجبور ہوئے۔"


خبر کا کوڈ: 1160181

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160181/فلسطینی-مزاحمتی-گروہوں-کی-جانب-سے-تل-ابیب-پر-یمن-کے-میزائل-حملے-کا-خیرمقدم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com