آئی ایس او نے 52 سالہ تنظیمی تاریخ میں پہلی بار کنونشن کا شہر بدل دیا
15 Sep 2024 19:29
آئی ایس او پہلے اپنا مرکزی کنونشن ماڈل ٹاون لاہور میں واقع جامعہ المنتظر میں کرواتی تھی۔ تنظیمی اختلافات کے بعد کنونشن کو کچھ عرصہ پاک عرب سوسائٹی میں واقع جامعہ میں منعقد کیا گیا، جبکہ کچھ عرصہ تک مرکزی کنونشن کی تقاریب بانی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مزار پر بھی منعقد ہوتی رہیں۔
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی ۵۲ سالہ تنظیمی تاریخ میں پہلی بار مرکزی کنونشن لاہور سے باہر ہونے جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کنونشن کے انعقاد کا عبوری فیصلہ بہاولپور میں ہونیوالے حالیہ اجلاس عاملہ میں کیا گیا۔ آئی ایس او پاکستان کے قیام سے لیکر اب تک تمام کنونشنز لاہور میں ہی منعقد ہوئے۔ آئی ایس او پہلے اپنا مرکزی کنونشن ماڈل ٹاون لاہور میں واقع جامعہ المنتظر میں کرواتی تھی۔ بعدازاں کنونشن کو کچھ عرصہ پاک عرب سوسائٹی میں واقع جامعہ میں منعقد کیا گیا، جبکہ کچھ عرصہ تک مرکزی کنونشن کی تقاریب بانی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مزار پر بھی منعقد ہوتی رہیں۔
تاہم اب لاہور کی بجائے کنونشن کا انعقاد اسلام آباد میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایس او نے کنونشن سمیت دیگر تنظیمی تقاریب کیلئے اپنا سنٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس پر کام جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تنظیمی ذمہ داران نے جامعہ المنتظر اور جامع محمدی مسجد گلبرگ کی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا، تاہم شرکاء کی متوقع زیادہ شرکت کے باعث دونوں مقامات کی انتظامیہ نے معذرت کر لی۔ دونوں مقامات کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ اتنی زیادہ تعداد میں شرکاء کیلئے انتظامات کرنا مشکل ہے، دونوں مقامات میں جگہ بھرپور شرکت کے باعث کم پڑ سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1160173