QR CodeQR Code

لاہور، جامعہ نعیمیہ سے سالانہ میلادالنبی(ص) جلوس برآمد، دربار بی بی پاکدامنؒ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا

معاشی استحکام اور امن کیلئے مشترکہ کاوشیں کی جائیں، ڈاکٹر راغب نعیمی

15 Sep 2024 18:31

ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ کا جلوس سے خطاب میں کہنا تھا کہ میلادالنبی کے موقع پر ہمیں اتحاد و تفہیم کی ترویج کرنی چاہئے۔ آپ نے نسل انسانیت کو امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔ نبی کریمﷺ کی ختم نبوت اور ناموس کی حفاظت کیلئے ہم ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مبارک ثانی کیس میں متتازعہ پیراف گراف حذف کرنے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور امن کیلئے مشترکہ کاوشیں کی جائیں۔ نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، اسوہ رسول پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ میلادالنبی کے موقع پر ہمیں اتحاد و تفہیم کی ترویج کرنی چاہئے۔ آپ نے نسل انسانیت کو امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔ نبی کریمﷺ کی ختم نبوت اور ناموس کی حفاظت کیلئے ہم ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مبارک ثانی کیس میں متتازعہ پیراف گراف حذف کرنے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ فتنہ خوارج کے خاتمے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان و دیگر ریاستی اداراوں کیساتھ شانہ بشانہ ہے۔ علماء کرام شدت پسندی، نفرت پر مبنی بیانیے کیخلاف موثر آواز اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام سالانہ میلاد النبی(ص) کے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلوس میں مفتی ندیم قمر، مفتی قیصر شہزاد نعیمی، مفتی محمد مدنی، مفتی عمران حنفی، قاری محمد امیر قادری و دیگر رہنماﺅں سے بھی خطاب کیا جبکہ جلوس میں ڈاکٹر سلیمان قادری، مولانا یاسین قادری، قاری محمد سعید نقیبی، مولانا حفیظ الرحمان، مولانا محمد سلیم نعیمی، حاجی محمد عمران، قاری محمد جاوید ہاشمی، مفتی محمد عارف حسین، مولانا غلام مرتضیٰ نقشبندی، مولانا ارشد جاوید سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ، طلبہ سمیت عامة الناس کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ جلوس کا جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا، شہریوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، جلوس کی شرکاء نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت اور آمد مصطفی کے نعرے بلندکرتے رہے۔

جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی ندیم قمر حنفی نے کہا کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ جس میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ دنیا میں تشریف لائے۔ آپ تمام جہانوں کیلئے رحمت العالمین ہیں۔ سرکار مدینہ کی عظمت کے ترانے ازل سے ابد تک جاری رہیں گے۔ میلادالنبی اسلامی دنیا کیلئے خوشی اور فرحت کا باعث ہے۔ حضور علیہ الصلوة والسلام کی تعلیمات اور آپ کی سیرت کو فالو کرنا چاہئے تاکہ ہم بھی ایک کامیاب امتی اور کامیاب مسلمان ہو کر حضور کی رحمت کے فیضان سے وافر حصہ حاصل کر سکیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے پوری کائنات کیلئے آپ کو رحمت کا ذریعہ بنایا وہ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں، غیر مسلموں اور تمام مخلوقات کیلئے رحمت کا ذریعہ بن کر آئے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ ناموس رسالت پر ہماری جانیں بھی قربان ہیں، نبی پاک کی زندگی ہی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت کو سنوار سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل جو دین سے دور جا رہی ہے ان کے دلوں میں عشق مصطفی کے چراغ جلائے جائیں۔ حضور کی سیرت طیبہ پر مبنی آفاقی پیغام امن، محبت، رواداری، صبر و تحمل، برداشت، اتفاق و اتحاد کو فروغ دے کر ہی ہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔ اس وقت دین دشمن طاقتیں امت مسلمہ کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، اس کا واحد حل نسبت غلامی مصطفی، محبت رسول اور عشق مصطفی کے سچے جذبوں کو پروان چڑھا کر ہی ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ جلوس کا آغاز گڑھی سے ہوا جبکہ دربارحضرت بی بی پاکدامن پر جا کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے اختتام پر ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔


خبر کا کوڈ: 1160166

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160166/لاہور-جامعہ-نعیمیہ-سے-سالانہ-میلادالنبی-ص-جلوس-برا-مد-دربار-بی-پاکدامن-پہنچ-کر-اختتام-پذیر-ہوا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com