QR CodeQR Code

یمن کا اسرائیل پر ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے حملہ

15 Sep 2024 15:29

ترجمان کے مطابق ہمارے فائر کیے گئے ہائپر سونک میزائل نے 2000 کلومیٹر سے زائد کا سفر، صرف 11 منٹ 30 سیکنڈ میں طے کیا اور اسرائیل میں اپنے ٹارگٹ تک پہنچا اور اس نے  پہلی مرتبہ 20 لاکھ اسرائیلیوں کو ایک ہی وقت میں محفوظ پناہ گاہوں (شلیلٹرز) میں جانے پر مجبور کیا۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مظلومین کی حمایت میں یمن نے اسرائیل پر  بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا جو تل ابیب کے قریب ایک مقام پر گرا جس کے بعد ایک کھلے علاقے  میں آگ بھڑک اٹھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن سے آنے والے میزائل کو روکنے کے لیے اسرائیلی فضائی دفاعی نظام فعال کیاگیا تھا جس نے یمنی میزائل کو گرانے کے لیے بہت سے راکٹس داغے مگر وہ میزائل گو گرانے میں ناکام رہے۔ خبر کے مطابق میزائل اسرائیل کی حدود میں داخل ہوتے ہی اسرائیلی دفاعی نظام کے تحت سائرنز بجنا شروع ہوئے اور حملے کے خوف سے ایک ہی وقت میں لاکھوں اسرائیلی ملک کے مختلف حصوں میں قائم کی گئی محفوظ پناہ گاہوں کی طرف دوڑے جس کے باعث 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔ یمن کے حوثی ترجمان یحییٰ ساری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اپنے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے جافا کے علاقے کو نشانہ بنایا اور اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیا۔ 

یحییٰ ساری نے مزید کہا کہ ہمارے فائر کیے گئے ہائپر سونک میزائل نے 2000 کلومیٹر سے زائد کا سفر، صرف 11 منٹ 30 سیکنڈ میں طے کیا اور اسرائیل میں اپنے ٹارگٹ تک پہنچا اور اس نے  پہلی مرتبہ 20 لاکھ اسرائیلیوں کو ایک ہی وقت میں محفوظ پناہ گاہوں (شلیلٹرز) میں جانے پر مجبور کیا۔ دوسری جانب لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر حملے جاری ہیں اور حوثیوں کے حملے کے بعد حزب اللہ نے بھی شمالی اسرائیل کے علاقوں پر 40 راکٹ داغے جس کے باعث مختلف علاقوں میں آگ لگ گئی اور کچھ گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ حزب اللہ کے حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان سے 40 راکٹس شمالی اسرائیل کی جانب فائر کئے گئے جن میں سے کچھ راکٹس مار گرائے گئے اور کچھ خالی علاقے میں گرے، راکٹس گرنے سے لگنے والی آگ پر قابو پایا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1160154

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160154/یمن-کا-اسرائیل-پر-ہائپر-سونک-بیلسٹک-میزائل-سے-حملہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com